حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صوبائی صدر اسلامی تحریک پاکستان صوبہ سندھ علامہ اسد اقبال زیدی نے کہا: سندھ حکومت بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پہ ایمرجنسی کا نفاز کرتے ہوئے امدادی کاروائیوں کا آغاز کرے۔ صوبے بھر میں حالیہ بارشوں کے بعد صورتحال ابتر ہے، دیہی سندھ سمیت شہری سندھ بری طرح متاثر ہیں!
اسلامی تحریک پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ اسد اقبال زیدی نے حالیہ مون سون میں جاری برساتوں کے بعد صوبے کی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے کہا: صوبے بھر میں حالیہ بارشوں کے بعد کی صورتحال ابتر ہے، دیہی سندھ سمیت شہری سندھ بری طرح متاثر ہیں۔
علامہ اسد اقبال زیدی نے مزید کہا: حیدرآباد، ٹنڈوالہیار، دادو، خیرپور سمیت دیگر شہروں کی حالت دگرگوں ہے جبکہ کراچی موہنجودڑو کا منظر پیش کررہا ہے، سندھ میں برسات نے حکومت کے ترقیاتی کاموں کی قلعی کھول کے رکھ دی ہے!
انہوں نے کہا: ہم وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر صوبے بھر میں برسات سے حوالے سے ہونے والی تباہ کاریوں پر نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی کا نفاذ کریں اور فی الفور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں!
علامہ اسد اقبال زیدی نے کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کو کراچی کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے کی کوششیں کرنی چاہئے۔ کورنگی کاز وے، ملیر ندی، سکیم 33 سمیت دیگر علاقوں میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے مناسب حل کرنے کی فوری ضرورت ہے، کراچی میں فوری طور پر سڑکوں کی مرمت، کچروں کے ڈھیر کو ٹھکانے لگانے کا انتظام، مچھروں سمیت دیگر کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں سے بچاؤ کیلئے سپرے مہم کے آغاز کی فوری ضرورت ہے!۔