حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن میں نئے صدر کا انتخاب ہوا۔ سال 2022 - 2023 کیلئے آئی ایس او کے ارکان مجلسِ عمومی نے حسن عارف کو اپنا میر کارواں منتخب کیا۔
حسن عارف کے انتخاب کا اعلان علامہ سید حسنین گردیزی نے 51ویں سالانہ کنونشن میں کیا۔ان کے مد مقابل برادر شہریار تھے، تاہم ارکان نے حسن عارف کے حق میں ووٹ دیئے۔ جس موقع پر نئے میر کارواں کا انتخاب ہوا تو پیڈال مردہ باد امریکہ و مردہ باد اسرائیل کے نعروں سے گونج اٹھا۔ کارکن "ڈاکٹر کا نعرہ یاد ہے، امریکہ مردہ باد ہے" کے فلک شکاف نعرے لگاتے رہے۔
تقریب میں علامہ غلام عباس ریئیسی نے نئے میر کارواں سے حلف لیا۔ جس کے بعد اپنے خطاب میں برادر حسن عارف کا کہنا تھا کہ وہ تنظیم کی فلاح اور بہبود کیلئے بھرپور اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس عظیم کاز کیلئے ان کا انتخاب کیا گیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کو تعمیر وطن کے عنوان سے منائیں گے۔
واضح رہے کہ برادر حسن عارف آئی ایس او پاکستان کے مرکزی سینیئر نائب صدر اور لاہور ڈویژن کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ حسن عارف کا تعلق خوشاب سے ہے اور وہ لاہور میں ایل ایل بی کے طالب علم ہیں۔