۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
آئی ایس او پاکستان

حوزہ/ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ تنظیم کے قیام کو 50 سال مکمل ہونے کو ہیں۔ یہ دن کارکنان و سابقین کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ گولڈن جوبلی کنونشن بلاشبہ کارکنان کی تربیت، تحرک میں اضافے اور تجدید عہد کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی مجلس عاملہ کا 3 روزہ اجلاس کا تیسرا جلسہ بیت الحزن میر پور سٹی میں اختتام پذیر ہوا۔ اجلاس میں طے پایا کہ آئی ایس او کا مرکزی کنونشن لاہور میں اکتوبر کے آخری ہفتے سے ہوگا جبکہ سالانہ کنونشن کے چیئرمین برادر زاہد مہدی ہوں گے۔ تنظیم کے مرکزی جنرل سیکرٹری محمد عباس نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجلس عاملہ کے اجلاس میں آئی ایس او پاکستان کے (50ویں) گولڈن جوبلی کنونشن کو تزک و احتشام کے ساتھ منانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ اراکین عاملہ نے یہ عزم کیا کہ گولڈن جوبلی کنونشن میں ملک بھر سے سابقین، کارکنان اور علمائے کرام کو مدعو کیا جائے گا۔ تقریب میں تنظیم کے کارہائے نمایاں، آئی ایس او کی تعلیمی و تربیتی خدمات کو اجاگر کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمات قرآن و سیرت محمد و آل محمد کے مطابق نوجوانوں کی تربیت کرنا آئی ایس او پاکستان کی اولین ترجیح اور دستوری عمل ہے، اسی دستوری عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے تنظیم کے قیام کو 50 سال مکمل ہونے کو ہیں۔ یہ دن کارکنان و سابقین کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور بلاشبہ کارکنان کی تربیت، تحرک میں اضافے اور تجدید عہد کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔

مجلس عاملہ کے اختتام پر مرکزی صدر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نظام ولایت فقیہ کیساتھ ارتباط پر فخر ہے، کارکن آفاقی انقلاب کیلئے زمینہ سازی میں کردار ادا کریں اور امام زمان (عج) کے ظہور اور انقلاب کی راہیں ہموار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ نظام ولایت فقیہ ہی ہے کہ جس نے دنیا کی شیطانی قوتوں کے مقابلے میں پائیدار استقامت دکھائی ہے. اگر کوئی دنیاوی نظام ہوتا تو شاید دیرپا اور پائیدار استقامت برقرار نہ رکھ سکتا۔ اجلاس میں ملک بھر سے 23 ڈویژن کے اراکین نے شرکت کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .