حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے 42 ویں جہدِ مسلسل و عزم نو سالانہ ڈویژنل کنونشن کا انعقاد امام بارگاہ سید الشہداء، انچولی میں کیا گیا۔
کنونشن میں مجلس وحدت المسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری، علامہ غلام عباس رئیسی، مرکزی نائب صدر آئی ایس او پاکستان برادر حسن عارف، مولانا صادق رضا تقوی، جعفریہ الائنس کے رہنما شبر رضا سمیت علماء کرام، ارکان ذیلی نظارت، ارکانِ ڈویژنل کابینہ، ارکانِ مجلس عمومی سمیت طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دو روز تک جاری رہنے والے کنونشن کے آخری روز مختلف تنظیمی امور کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ آئی ایس او کراچی ڈویژن کے نئے ڈویژنل صدر کا انتخاب بھی کیا گیا۔ نئے ڈویژنل صدر برائے سال 2021-22 کا اعلان مولانا صادق رضا تقوی نے کیا اور نو منتخب صدر محمد دیباج عابدی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
اس موقع پر نو منتخب صدر محمد دیباج عابدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او پاکستان نے ہمیشہ ملکی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے کوشاں رہے گی ۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس اوپاکستان نے ملی اتحاد کے فروغ کے لیے جہاں ضرورت پڑی اپنے آپ کو پیش کیا اور آئندہ بھی ملی اتحاد کو مضبوط کرنے کے لیے اپنی خدمات پیش کرتی رہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان ہمیشہ طلبا و طالبات کی رہنمائی میں پیش پیش رہی ہے اور یہی روایت آئندہ بھی جاری رہے گی ۔