حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آئی ایس او پاکستان کا پچاسواں کنونشن کارکنان کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی کنونشن کے چیئرمین زاہد مہدی نے مقامی صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا مزیدکہنا تھاکہ گزشتہ روز لاہور میں تنظیم کے مرکزی دفتر میں ڈویژنل صدور کااجلاس ہوا جس میں مرکزی صدر عارف حسین نے اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کا پچاسواں،3روزہ کنونشن نومبر کے پہلے ہفتے میں تزک و احتشام سے منانے کا اعلان کیا ہے۔
اجلاس میں طے پایا کہ آئی ایس او پاکستان کے 50ویں جہد مسلسل و عزم نو کنونشن کے موقع پر عوامی جلسہ بعنوان قرآن و اہلبیت کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا ۔کانفرنس میں ملک بھر سے جید علمائے کرام ،تنظیمی کارکنان اور سابقین شریک ہو ں گے ۔ لاہور کے ناصر باغ میں 7نومبر کو منعقد ہونے والی کانفرنس میں ملت تشیع پاکستان کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے موضوع پر مدعو شخصیات کا خصوصی خطاب بھی ہوگا اور آخرمیں نئے مرکزی صدر کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
چیئرمین کنونشن زاہد مہدی نے تنظیم کے سالانہ کنونشن کی مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تین روزہ کنونشن کے پہلے روز اسیرانِ ملت،شہدائے ملت جعفریہ اور محسنین ملت تشیع پاکستان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 'یاد یاران"کے عنوان سے خصوصی نشست کا انعقاد کیا جائے گا جس میں سابقین،عہدیداران اور علمائے کرام شریک ہوں گے۔کنونشن کے آخری روز عوامی جلسہ کے بعد استحکام پاکستان ریلی ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک نکالی جائے گی جس میں پاکستان بھر سے آئے کارکنان شریک ہوں گے اور نو منتخب مرکزی صدر کا خطاب ہوگا۔
مرکزی صدر کی سربراہی میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں پنجاب بھر سے ڈویژنل صدور ،ادارہ المہدی تربیت اسلامی سے مولانا اسد نقوی اور سابق مرکزی صدر تہور حیدری نے بھی شرکت کی۔