۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کا دو روزہ اجلاسِ عمومی اختتام پزیر:

حوزہ/ محرم الحرام میں سیکیورٹی کی صورتحال کو یقینی بناتے ہوئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے نیز آئی ایس او کی جانب سے محرم الحرام میں شہر بھر کے تعلیمی اداروں میں یوم حسین (ع) کا انعقاد بھرپور انداز میں کیا جائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کراچی/ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کا دو روزہ اجلاس عمومی امام بارگاہ امامیہ قدیم ڈرگ روڈ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں آئی ایس او پاکستان کے مرکزی تعلیم سیکرٹری علی رضا، ڈویژنل صدر محمد عابدی، اراکینِ ذیلی نظارت، ڈویژنل کابینہ سمیت تمام یونٹس کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس میں مختلف یونٹس کی رپورٹ،ڈویژنل سہ ماہی پلان،سالانہ ڈویژنل کنونشن سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔ اجلاس کے آخری روز کثرت رائے سے جنرل سیکرٹری آئی ایس او کراچی ظفر حیدر کو چیرمین کنونشن منتخب کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل صدر محمد عابدی نے کہا کہ سالانہ تین روزہ کنونشن کا انعقاد ملیر میں کیا جائے گا۔جس میں شہر بھر سے جوانانِ امامیہ اور سینئرز شرکت کریں گے،مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او کی جانب سے محرم الحرام میں شہر بھر کے تعلیمی اداروں میں یوم حسین (ع) کا انعقاد بھرپور انداز میں کیا جائے گا۔

ڈویژن صدر محمد عابدی کا حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ محرم الحرام میں سیکیورٹی کی صورتحال کو یقینی بناتے ہوئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ مظلومین جہاں کی حمایت ہی مقصد کربلا و امام حسین (ع) ہے اور ہم اسی درس پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ مظلومین کی حمایت کو جاری رکھیں گے۔

محمد عابدی کا ریاستی ادروں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ محب وطن لاپتہ شیعہ جوانوں کو ناجانے کونسے قانون تحت کئی کئی سالوں سے جبری طور پر گمشدہ کیا ہوا ہے اگر آپ کے نزدیک ان کا کوئی جرم ہے تو ان کو عدالتوں میں پیش کیا جائے نہیں تو محب وطن جوانوں کو فلفور رہا کیا جائے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .