ہفتہ 15 فروری 2025 - 06:30
جشن ولادت امام مہدیؑ، آئی ایس او کراچی کے تحت مرکزی شب دعا کا عظیم الشان اجتماع

حوزہ/ شرکاء سے خطاب مولانا ہادی ولایتی اور مولانا سید عروج زیدی نے کیا اور ظہور امام مہدی (عج) کی تیاری، مظلومین جہان کی حمایت اور ظلم کے خلاف قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیراہتمام ولادت باسعادت حضرت امام مہدی علیہ السلام اور شبِ برأت کے موقع پر مرکزی شبِ دعا کا اجتماع بعنوان یوم مستضعفین جہاں نیٹی جیٹی پل (نزد PNSC بلڈنگ) پر ہوا۔تلاوت کلام پاک سے مرکزی دعائیہ اجتماع کا آغاز کیا۔

شرکاء سے خطاب مولانا ہادی ولایتی اور مولانا سید عروج زیدی نے کیا اور ظہور امام مہدی (عج) کی تیاری، مظلومین جہان کی حمایت اور ظلم کے خلاف قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مرکزی شب دعا کے دوران شاعرِ اہلبیتؑ زین جعفری، یاسر شاہ، معروف منقبت و نوحہ خواں احمد رضا ناصری، دستہ امامیہ کے صاجبانِ بیاض شبیہ حیدر، جری سجاد نقوی، عون جعفری و دیگر نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ دعائے کمیل کی تلاوت محسن رفیق نے کی، جبکہ دستہ امامیہ کراچی کے مرکزی صاحبِ بیاض عاطر حیدر نے امام زمانہؑ کے حضور استغاثہ پیش کیا، جس میں فلسطین، یمن اور دیگر مظلوم اقوام کیلئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں اور امام مہدی (ع) کے جلد ظہور کیلئے گریہ و زاری کی گئی۔

اس موقع پر شرکاء شب دعا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ظلم کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور مستضعفین کی حمایت میں ہر ممکن اقدام کریں گے۔ مرکزی شب دعا کے اجتماع میں آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر سروش زیدی، عہداران و کارکنان سمیت کثیر تعداد میں عاشقان امام مہدیؑ نے شرکت کی۔ مرکزی شب دعا کا اختتام دعائے سلامتی امام زمانہ (عج) سے کیا گیا۔

مرکزی شب دعا کے موقع پر خون کی بڑھتی ہوئی قلت کے پیش نظر آئی ایس او کی جانب سے خون کا عطیاتی کیمپ بھی لگایا گیا، جہاں مرد و خواتین شرکاء نے مستحق مریضوں کیلئے خون کے عطیات دیئے، اس کے علاوہ شرکاء کیلئے سبیل کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha