حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے فرانس کے حوالے سے مقررین کے موقف کی تائید اور ملی یکجہتی کونسل کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے اتحاد امت کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارا خطہ تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔ دنیا پر لبرل ورلڈ آرڈر کا نظام نافذ ہے۔ طاقت کے توازن کو ایشیاء کی جانب منتقل ہونے سے روکنے کے لیے مغرب ایڑی چوٹی کا زور لگا رہا ہے۔ افغانستان سمیت دوسرے حصوں میں امریکہ کو ناکامی اٹھانا پڑی۔ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ارض پاک کو فرقہ وارانہ مسائل میں الجھا کر کمزور کرنے کی سازش مل کر ناکام بنائیں گے۔ ہمیں تکفیر و توہین کی راہ روکنے میں کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہماری افواج اس ملک کا مضبوط دفاع ہیں۔ ان پر الزام تراشی دشمنوں کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔ وہ سیاسی قوتیں ملک کا دفاع نہیں کرسکتی، جن کے اثاثے اور اولادیں بیرون ممالک میں پروان چڑھ رہی ہیں۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ وطن عزیز سیاسی بحران کا قطعی متحمل نہیں۔ دشمن کے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اہلسنت ہماری جان ہیں، دکھ سکھ کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔