حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے محمدی مسجد آڈیٹوریم ہال میں عظیم الشان جشن میلاد صادقین علیھاالسلام کا اہتمام کیا گیا۔
میلاد میں ضلع لاہور کی تمام کابینہ اور یونٹس سے خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس پر مسرت محفل میں لاہور بھر سے عالمات و ذاکرات نے بھی بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں لاہور کے مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے اسٹوڈنٹس کے درمیان اسلامی اشعار، کوئز اور اسلامی آرٹ کے عنوان سے مقابلہ جات کروائے گیے جن میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
علاوہ ازیں لاک ڈاون کے ایام میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے آن لائن اسلامک کلاسز میں حصہ لینے والی خواتین کے نتائج کا بھی اعلان کیا گیا۔
ننھی بچیوں نے ٹیبلو پیش کر کے محفل کو مزید رونق بخشی ۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سینیئر رہنما اور رکن شوری عالی علامہ سید مبارک علی موسوی صاحب، سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور محترمہ حنا تقوی نے خصوصی خطاب کیا۔