۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
خواتین

حوزہ/ لاہور پریس کلب میں محفل میلاد سے خطاب میں جماعت اسلامی کی رہنما کا کہنا تھا کہ آپ (ص) نے اپنے کردار و عمل سے عرب کے گھٹا ٹوپ اندھیرے ظلم و ناانصافی کے ماحول کو ختم کرکے اسلام کی روشنی سے مدینہ منورہ کی مثالی ریاست قائم کرکے عدل و انصاف ترقی و خوشحالی اور امن و آتشی کا ماحول بنا کر ایک پاکیزہ معاشرہ قائم کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تعاون سے بسلسلہ عید میلادالنبی (ص) اور سیرت النبی (ص) لاہور پریس کلب کے نثار عثمانی آڈیٹوریم میں خواتین ممبران اور ممبران کے اہلخانہ کیلئے عظیم الشان محفل میلاد مصطفی (ص) کا اہتمام کیا، جس میں خواتین اراکین پریس کلب اور اہلخانہ نے بھر پور شرکت کی۔

محفل میلاد مصطفی(ص) میں ملک کی نامور نعت خواں خواتین نے شان رسالت مآب (ص) میں گلہائے عقیدت کے نذرانے پیش کئے اور جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی نگران انیلا محمود نے سیرت رسول(ص) کے مختلف پہلو پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم(ص) کا اسوہ حسنہ پوری انسانیت کیلئے کامیاب زندگی گزارنے کا ایک مثالی نمونہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عشق مصطفی(ص) کا تقاضا بھی ہے کہ نظام مصطفی(ص) کی جدوجہد کو تیز اور دنیا و آخرت کی کامیابی کیلئے زندگی کے ہر دائرے میں سیرت النبی(ص) کو دستور عمل بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ (ص) نے اپنے کردار و عمل سے عرب کے گھٹا ٹوپ اندھیرے ظلم و ناانصافی کے ماحول کو ختم کرکے اسلام کی روشنی سے مدینہ منورہ کی مثالی ریاست قائم کرکے عدل و انصاف ترقی و خوشحالی اور امن و آتشی کا ماحول بنا کر ایک پاکیزہ معاشرہ قائم کیا۔

محفل میلاد سے صفیہ ناصر نے بھی خطاب کیا۔ لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری اور سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے کہا کہ آقائے دو جہاں ﷺ کا میلاد منانا بڑے فضل کی بات ہے۔ انہوں نے خواتین محفل میلاد کے شاندار انعقاد پر ممبر گورننگ باڈی عالیہ خان کو سراہا

تبصرہ ارسال

You are replying to: .