حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تنظیم اسلامی حلقہ پنجاب جنوبی کے زیراہتمام فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف چوک گھنٹہ گھر میں پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت امیر حلقہ جنوبی محمد طاہر خان خاکوانی نے کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پینافلیکس، کتبے، جھنڈے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جو چوک پر موجود مسجد کے چاروں اطراف کھڑے ہوئے تھے اور اپنا پیغام عوام تک پہنچا رہے تھے۔
اس موقع پر امیر حلقہ جنوبی محمد طاہر خان خاکوانی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دشمنی میں فرانسیسی صدر اپنے ہوش حواس کھو چکا ہے، فرانس کا صدر میکرون اسلام دشمن اور رسول اللہ (ص)کی شان میں گستاخی کی ہر حد پار کر چکا ہے، رسول اللہ (ص) کے گستاخانہ خاکے فرانس کی سرکاری عمارتوں پر لہرانا اور گستاخ رسول سیمول پیٹی کے جہنم واصل ہونے کے بعد اسے فرانس کا سب سے بڑا سویلین ایوارڈ دینا میکرون کی اسلام ومسلمانوں سے شدید نفرت اور اسلام قوبیا میں مبتلا ہونے کا واضح ثبوت ہے۔
رسول اللہ (ص) کی اس طرح توہین اہل ایمان کے خلاف ایک بڑی دہشت گردی سے کم نہیں ہے، آزادی اظہار کے نام پر پوری مسلم امہ کے جذبات کچلنے والا فرانس ہولو کاسٹ پر آزادانہ رائے تو کسی صورت برداشت نہیں جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ یہ معاملہ آزادی رائے کا نہیں بلکہ اسلام سے شدید تعصب کا ہے، اس وقت پورا مغرب اس مرض کا شکار ہے جس کا اظہار اس طرح کے واقعات سے وہ کرتے ہیں۔
امیر تنظیم حلقہ جنوبی پنجاب ڈاکٹرمحمد طاہر خان خاکوانی نے کہا کہ امت مسلمہ اپنی دینی و اخلاقی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے اللہ کے رسول (ص) سے اپنے تعلق اور محبت کو مضبوط کرے اور تمام اسلامی ممالک میں محض احتجاج کی بجائے فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ اور تجارتی وسفارتی تعلقات کو مکمل طور پر ختم کرنے کا عملی مظاہرہ کیا جانا چاہئے۔