حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دفتر قائد ملت جعفریہ شعبہ قم المقدس کی جانب سے ہفتہ وحدت کے موقع پر تجلیل بانیان عشرہ مجالس محرم الحرام اور جشن صادقین علیہم السلام کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں قم میں موجود پاکستان کی تنظیموں نے بھرپور شرکت کی۔ سیمینار کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد نقی تقوی نے حاصل کی۔ سیمینار میں برادر عبدالغفار معصومی، سید تعبیر حسین شمسی اور عاشق حسین محمدی نے حضور اکرم صل اللہ علیہ و آلہ سلم کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ سیمینار سے دبیر مجلس نظارت دفتر قائد قم، مدیر دانشگاہ مجازی جامعۃ المصطفی حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر جابر حسین محمدی نے خطاب کرتے ہوئے اتحاد و وحدت اور سیرت پیغمبر اکرم پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے پہلے قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے اتحاد و وحدت کی بنیاد ڈالی۔ مدیر دفتر قائد ملت جعفریہ قم حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید ظفر نقوی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسین شاہ نقوی نے انجام دئے۔
سیمینار کے آخر میں محرم الحرام کے دوران عشرے منعقد کرنے والے بانیان، تنظیموں، انجمنوں اور جوامع روحانیت کی تجلیل کی گئی اور دفتر قائد ملت جعفریہ قم کی جانب سے انہیں اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔
سیمینار میں مندرجہ ذیل تنظیموں کے سربراہان اور ذمہ دار افراد نے شرکت کی۔
مجمع سیدالشہداء، مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم، جامعہ روحانیت بلتستان، جامعہ روحانیت نگر، جامعہ روحانیت خیبرپختوانخواہ، جامعہ روحانیت سندھ، ولیعصر فاونڈیشن سندھ، کراچی فاونڈیشن سندھ، انصارالحسین، انجمن در معصومہ سندھ، انجمن سخن ولایت سندھ، نورالقرآن فاونڈیشن، فاطمیہ فاونڈیشن، مجمع شہداء بلوچستان، جامعہ بعثت، مجمع طلاب شگر، مجمع طلاب اسکردو اور جوادیہ فاونڈیشن۔