حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کے زیر اہتمام قائد شمالی علاقہ جات علامہ شیخ غلام محمد غروی مرحوم کی برسی پر حسینیہ بلتستانیہ قم المقدسہ میں نشست تجلیل و تکریم قائد منعقد ہوئی۔اس نشست میں حوزہ علمیہ قم کے علماء و طلاب کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نشست سے پہلے مرحوم قائد کے لئے قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔حسب دستور نشست کا آغاز حجۃ الاسلام محمد علی شریفی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ اس کے بعد مولانا بشارت امامی نے بارگاہ حضور سرور کائنات میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
برسی قائد کے موقع پر مقالہ نگاری میں حصہ لینے والوں میں سے علامہ شیخ غلام محمد غروی کے پوتے مولانا تصدق ہاشمی نے قائد گلگت بلتستان کے عنوان سے اپنا مقالہ پیش کیا اور مرحوم قائد کی عہد ساز شخصیت پر مفصل گفتگو کی۔ اس تحلیلی نشست کے خطیب حجۃ الاسلام قبلہ ڈاکٹر علی محمد جوادی صاحب تھے۔ انہوں نے قائد شیخ غلام محمد غروی کے حالات زندگی کے مختلف پہلو پر روشنی ڈالی اور بالخصوص آپ کی سیاسی جدوجہد، قائدانہ کردار اور دین و ملت کے لیے گراں قدر خدمات پر تفصیلی گفتگو کی۔ نشست کی نظامت کے فرائض جامعہ روحانیت بلتستان شعبہ ثقافت کے مسئول برادر یداللہ عزیزی کر رہے تھے۔
آخر میں شہداء ملت جعفریہ کے روح کی درجات کے بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کے ساتھ جامعہ روحانیت شعبہ تعلیمات کی جانب سے آزمون کارشناسی ارشد کے امتحانات کی تیاری کرانے والے اساتید اور امتحان میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلاب کے درمیان تقسیم انعامات کے ساتھ مجلس کو برخواست کیا گیا۔