۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
جامعۃ الکوثر اسلام آباد

حوزہ/ جامعۃ الکوثر پاکستان میں شعبہ تحقیق ایک عرصہ سے مختلف سماجی، اقتصادی و مذہبی موضوعات پر متعدد تحقیقاتی کتابیں و مقالہ جات پیش کرنے میں مصروف عمل ہے۔ شعبہ علوم قرآن و شعبہ حدیث و رجال میں ان علوم کے ماہرین کی سرپرستی میں طلباء نے اب تک سات سو سے زیادہ تحقیقی مقالے لکھے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ الکوثر پاکستان میں شعبہ تحقیق ایک عرصہ سے مختلف سماجی، اقتصادی و مذہبی موضوعات پر متعدد تحقیقاتی کتابیں و مقالہ جات پیش کرنے میں مصروف عمل ہے۔ شعبہ علوم قرآن و شعبہ حدیث و رجال میں ان علوم کے ماہرین کی سرپرستی میں طلباء نے اب تک سات سو سے زیادہ تحقیقی مقالے لکھے ہیں۔

اسی سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے  آج ١٩ رجب المرجب ١۴۴٢ھ بمطابق 04 مارچ 2021 بروز جمعرات المصطفی آڈیٹوریم جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں ایک علمی و تحقیقی نشست بعنوان سیرت امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہما السلام کے درخشاں پہلو منعقد ہوئی۔ اس نشست کے مہمان خصوصی علامہ شیخ انور علی نجفی صاحب تھے۔ اس نشست کو برگزار کرنے کے لئے طلباء کے مابین ایک مقالہ نویسی مقابلہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ مقالہ نویسی مقابلہ کے موضوعات درج ذیل تھے:

١۔امام علی عليہ السلام کی پچیس سالہ خاموشی کا تحقیقی جائزہ
٢۔ امام علی عليہ السلام کے اصحاب کی علمی و معاشرتی خدمات
٣۔ امام علی عليہ السلام اور تدوین قرآن مجید: تحقیقی مطالعہ
۴۔ امام علی عليه السلام کا نظریاتی مخالفین کے ساتھ رویہ
۵۔دعائے کمیل کا موضوعاتی جائزہ

اس مقابلہ میں جامعہ ھذا کے طلباء کی جانب سے مجموعا 16 تحقیقی مقالے وصول ہوئے۔ نشست میں ان کی نمائندگی کرتے ہوئے کفایة الاصول کے طالب علم شبیر حسین حیدری نے اپنے مقالہ کا خلاصہ احسن انداز میں بیان کیا۔چونکہ مادر علمی جامعۃ الکوثر نےتحقیقی میدان میں مزید بہتر و وسیع انداز میں خدمات بجا لانے کے لئے شیخ الجامعہ مفسر قرآن علامہ محسن علی نجفی کی سرپرستی میں اس سال دو علمی و تحقیقی مجلے متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان میں سے ایک مجلہ الکوثر کے نام سے شائع ہونے والا ہے۔ اس مجلہ کی تدوین و ترتیب میں جامعہ ھذا کے اساتیذ کرام،موسسہ الکوثر نجف اشرف کے فاضل طلباء نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اسی حوالہ سے اس نشست میں طلباء کو تحقیقی میدان میں جدید تقاضوں سے آشنا کرنے کی خاطر جامعہ کے استاد علامہ ڈاکٹر علی حسین عارف صاحب نے تحقیقی مقالہ کے موضوع پر ملٹی میڈیا کے توسط سے طلباء کو لیکچر دیا۔ جس میں انہوں نے تحقیقی مقالہ لکھنے کے جدید رائج شدہ طور طریقوں کو مختصر و جامع انداز میں بیان فرمایا۔ آخر میں اس نشست کے مہمان خصوصی علامہ شیخ انور علی نجفی نے طلباء سے خطاب کیا۔

انہوں نے علمی و تحقیقی میدان میں جدید ٹیکنالوجی کو زیادہ سے زیادہ بروئے کار لانے پر زور دیتے ہوئے طلباء کو موبائل و انٹرنیٹ کے مفید و مثبت استعمالات سے آگاہ فرمایا۔

پروگرام کے آخر میں علامہ شیخ محمد اسحاق نجفی، علامہ شیخ انور علی نجفی، علامہ شیخ غلام محمد شریفی اور علامہ ڈاکٹر علی حسین عارف کے توسط سے مقالہ نویسی کے پوزیشن ہولڈرز کے لئے خصوصی انعامات اور دیگر مقالہ لکھنے والوں کے لئے حوصلہ افزائی کے انعامات دئیے گئے۔ اس کے علاوہ جامعہ ھذا کے دو ماہانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .