۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۵ شوال ۱۴۴۵ | Apr 24, 2024
حوزہ علمیہ جامعۃ الکوثر میں علامہ محمد علی فاضل قدس سرہ کی یاد میں تعزیتی مجلس کا انعقاد

حوزہ/ حوزہ علمیہ جامعۃ الکوثر میں استاد العلماء، محقق دوراں، حضرت علامہ محمد علی فاضل قدس سرہ کی یاد میں ایک تعزیتی مجلس منعقد ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آج بتاریخ 21ستمبر 2021 کو پاکستان کے عظیم درسگاہ حوزہ علمیہ جامعۃ الکوثر میں استاد العلماء، محقق دوراں، حضرت علامہ محمد علی فاضل قدس سرہ کی یاد میں ایک تعزیتی مجلس منعقد ہوئی۔ اس میں استاد العلماء مفسر قرآن علامہ شیخ محمد شفاء نجفی دام ظلہ اور مفسر قرآن علامہ شیخ انور علی دام عزہ سمیت جامعہ الکوثر کے تمام اساتذہ کرام اور طلاب عزیز  نے شرکت کی۔

تصویری جھلکیاں: حوزہ علمیہ جامعۃ الکوثر میں علامہ محمد علی فاضل قدس سرہ کی یاد میں تعزیتی مجلس کا انعقاد

مجلس کا باقاعدہ آغاز قاری مبین صاحب نے قرآن پاک کی تلاوت سے کیا بعد ازاں طلاب جامعۃ الکوثر کی نمائندگی کرتے ہوئے جامعۃ کے فاضل طالب علم مولانا حسین علی ہاشمی صاحب نے  آپکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے  کہا کہ آپ لوگوں کو جہالت سے نکال کر عالم ملکوت سے ملا دینے والی شخصیت تھے۔

مجلس کے دوران  استاد کے احترام اور قبلہ کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے مولانا نقاش الحسنین صاحب نے کہا کہ استاد بزرگوار ایک جید عالم ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سچے عزادار بھی تھے اور میں چشم دید گواہ ہوں کہ آپ ذکر مظلوم کربلاء میں ضعیفی کے باوجود ایک جوان شخص کہ طرح گریہ کرتے تھے۔

جامعۃ الکوثر کے سینئر مدرس علامہ مرزا حسین صابری دام عزہ  نے آپ کی دین اور ملت کے لیے انجام دی گئی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ،کہ آپ کی علمی خدمات ناقابل فراموش ہیں آپ نے مشکل زمانے میں بھی پنجاب کے پسماندہ علاقوں تک مکتب کی ترویج کو اپنا فريضہ شرعی سمجھ کر ادا کیا اور لوگوں کو علوم آل محمد سے روشناس کروايا۔

اس کے بعد حجۃ الاسلام مفسر قرآن علامہ شیخ انور علی نجفی دام عزہ نے مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا بر صغیر میں مکتب دینی کا شاید ہی کوئی ایسا طالب علم ہو جو آپکا بالواسطہ یا بلا واسطہ شاگرد نہ ہو جنہوں نے بلا واسطہ آپ سے تعلیم نہیں بھی حاصل کی وہ آپ کی ہادی ٹی وی پر نشر کی گئی تقاریر اور آپکی تحریروں کے ذریعے  آپکا شاگرد ہے۔

آخر میں حجۃ الاسلام والمسلمین مفسر قرآن علامہ محمدشفاء نجفی دام عزہ  نے آپ کی تصانیف کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ کا ذخیرہ علمی آپکی نجات کا  منہ بولتا ثبوت ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .