۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
جامعہ الکوثر اسلام آباد میں تقریب عمامہ گزاری

حوزہ/ اسلام آباد میں دینی درسگاہ جامعہ الکوثر کے المصطفی آڈیٹوریم میں تقریب عمامہ گزاری منعقد ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد میں دینی درسگاہ جامعہ الکوثر کے المصطفی آڈیٹوریم میں تقریب عمامہ گزاری کا انعقاد ہوا۔ اس عظیم الشان سالانہ تقریب کا آغاز مولانا قاری غلام رسول نے تلاوت کلام پاک سے کیا جس کے بعد طلاب جامعہ کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا صابر حسین سراج نے کچھ عرصہ قبل اس جہان فانی سے یکے بعد دیگرے رخصت ہو جانے والے مرحوم اساتذہ کرام کا تذکرہ کچھ اس انداز سے کیا کہ شرکاء کی آنکھیں نمناک ہو گئیں۔

تصویری جھلکیاں: تقریب عمامہ گزاری و تجلیل اساتذہ مرحومین جامعہ الکوثر اسلام آباد

انہوں نے بچھڑ جانے والے اساتذہ کرام کی شفقت و محبت اور ان کی علمی زحمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے مولانا سید مرتضی موسوی، علامہ انتصار حیدر جعفری اور مولانا تقي فاضل نے بھی مرحوم علماء کی دینی و ملی خدمات پر روشنی ڈالی۔اس مرحلے پر جامعتہ الکوثر کے فاضل استاد حال مقیم نجف اشرف مولانا اشرف حسین اخونزادہ کی پر اثر نظم پڑھ کر سنائی گئی جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔

جامعہ الکوثر کے ہونہار طالب علم آغا ممتاز حسین صالحی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تواشیح سے ماحول کو گرمایا۔جس کے بعد تقریب عمامہ گزاری کا انعقاد ہوا۔جس میں مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی نے اپنے ہونہار فاضل طلاب کے سروں پر اپنے دست مبارک سے باری باری عمامے سجائے ۔جبکہ علامہ شیخ محمد اسحاق نجفی نے اس عمل میں ان کی معاونت فرمائی۔

اختتام عمامہ گزاری کے بعد شیخ الجامعہ نے اپنے فکر انگیز خطاب میں کامیاب طلاب کو تقوی اختیار کرنے کی نصیحت کی۔آپ نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر آپ عمامہ گزاری کے بعد فکر سود و زیاں چھوڑ کر توکل بر خدا کی راہ اپنائیں گے تو خوشنودی خدا بہرحال آپ کے شامل حال ہو گی ۔آپ نے اپنے ہونہار شاگردوں کے بہترین مستقبل کے لئے خصوصی دعا بھی کی اور یوں یہ پروقار و یادگار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ یاد رہے کہ اس خصوصی تقریب کی نظامت کے فرائض مولانا حسنین عباس نے بااحسن خوبی انجام دیئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .