حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 16 شعبان المعظم بمطابق 20 مارچ 2022 بروز اتوار کو امام بارگاہ یادگار امام حسین علیہ السلام، سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی میں انجمن طلاب بلتستانیہ کے زیر اہتمام ایام ولادت حجت زمان عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی مناسبت سے ایک عظیم الشان کانفرنس بعنوان "مہدی برحق کانفرنس" کا انعقاد کیا گیا۔ اس عظیم الشان کانفرنس کا ایک اہم مقصد مدارس اور یونیورسٹی و کالجز کے طلباء کے مابین ہم آہنگی اور روابط کا فروغ تھا۔ الحمد للہ مدارس و یونیورسٹیز کے کثیر طلباء نے شرکت کی اور مختلف سیگمنٹس میں بھی حصہ لیا۔
اس عظیم الشان کانفرنس کا آغاز قاری ایاز احمد جمشیدی صاحب نے تلاوت کلام الہی سے کیا۔ اس کے بعد بلتستان کے مشہور نوجوان منقبت خواں اویس قرنی کے علاوہ ذاکر بلتستانی اور سید رضا رضوی و دیگر ثناء خواں حضرات نے گلہائے عقیدت پیش کئےجبکہ جامعۃ الکوثر کے تواشیح گروہ نے دلنشین انداز میں تواشیح پیش کرکے محفل کی رونق میں اضافہ کیا۔
مقالہ نویسی مقابلہ
حجتِ دوراں کی شخصیت و عظمت کو اجاگر کرنے کے لئے انجمن طلاب بلتستانیہ کی جانب سے مقالہ نویسی مقابلہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے مقالہ نگاروں کو اپنے مقالے کا خلاصہ پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔ برادر حافظ سید محمد شاہ رضوی اور یعقوب شکیل صاحب نے اپنے مقالہ جات کا خلاصہ پیش کیا۔
کلام شاعر بزبان شاعر
اس پر رونق محفل میں سپیکر جی بی اسمبلی جناب سید امجد زیدی صاحب نے بارگاہ صاحب الزمان و ائمہ اہل بیت علیہم السلام کی درگاہ میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کر کے محفل کو زینت بخشی۔
خطابات
اس پروقار کانفرنس میں صدر آئی ایس او پنڈی ڈویژن برادر مظاہر حسین کے علاوہ جناب ڈاکٹر یونس حیدری صاحب نے "منتظرین امام زمانہ عج کی ذمہ داریاں" کے موضوع پر، ڈاکٹر علامہ علی حسین عارف صاحب نے “فلسفہ غیبت اور ہماری ذمہ داریاں” کے موضوع پر اور علامہ سید بشارت حسین موسوی صاحب نے “مہدوی جوانوں کی خصوصیات” کے موضوع پر فکر انگیز خطابات کئے۔
اظہار تشکر و تقسیم انعامات
پروگرام کے آخر میں صدر انجمن طلاب بلتستانیہ اسلام آباد برادر صابر حسین سراج نے شرکائے کانفرنس، میڈیا ٹیم اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی مقالہ نویسی، کوئز مقابلہ اور مضمون نویسی مقابلہ کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کرنے کا سیگمنٹ شروع کیا۔
انعامات علامہ علی حسین عارف، علامہ بشارت موسوی اور سید امجد زیدی کے ہاتھوں تقسیم کئے گئے۔ معرفت امام زمان عج کوئز مقابلہ کے پوزیشن ہولڈرز کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے انعام کے لئے قرعہ اندازی کے ذریعہ تین پوزیشن ہولڈرز کا انتخاب کیا گیا اور باقیوں کی بھی اسپیکر صاحب کے تعاون سے انعامات سے نوازا گیا۔
مقالہ نویسی مقابلہ میں پہلی پوزیشن جامعة الکوثر کے طالب علم سید محمد شاہ رضوی نے، دوسری پوزیشن اسلامک یونیورسٹی کے بی ایس کے طالب علم برادر یعقوب شکیل نے اور تیسری پوزیشن جامعہ الرضا (ع) کے طالب علم برادر کاچو مجتبی علی خان نے حاصل کی جبکہ کوئز مقابلہ میں پہلی پوزیشن برادر یعقوب شکیل نے، دوسری پوزیشن آصف علی نے اور تیسری پوزیشن بقیة اللہ ایجوکیشن سسٹم کے طالب علم گلزار حسین نے حاصل کی۔ مضمون نویسی مقابلہ میں پہلی پوزیشن برادر مشتاق علی نے، دوسری پوزیشن مظاہر حافظی نے اور تیسری پوزیشن ولایت علی نجفی نے حاصل کی۔
قابل ذکر ہے کہ پروگرام کے سٹیج سیکرٹری کے فرائض برادر حبیب شہیدی اور برادر جعفر علی نے انجام دئیے۔