حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں مدرسہ علمیہ الامام القائم (عجلاللہتعالیٰفرجہ) کی جانب سے اہلِ علم و قلم کے لیے ایک عظیم الشان مقابلۂ مقالہ نویسی کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے، جس کا مقصد عقیدۂ مہدویت، حکومتِ امام زمانہ علیہ السلام اور عصرِ غیبت سے متعلق فکری، تحقیقی اور علمی مباحث کو فروغ دینا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مقالہ جمع کرانے کی آخری تاریخ 25 جنوری 2026 (5 شعبان المعظم 1447ھ) مقرر کی گئی ہے، جبکہ مقابلے کی باضابطہ تقریب 4 فروری 2026 (15 شعبان المعظم)، بروز بدھ، نمازِ مغربین کے بعد منعقد ہوگی۔
مقابلے میں شریک مقالہ نگاروں کے لیے پُرکشش انعامات کا اعلان بھی کیا گیا ہے، جن میں پہلا انعام 30 لاکھ تومان، دوسرا انعام 20 لاکھ تومان اور تیسرا انعام 10 لاکھ تومان شامل ہے۔
مقابلے کے لیے متعدد اہم اور عصری موضوعات تجویز کیے گئے ہیں، جن میں قرآن و نہج البلاغہ کی روشنی میں حکومتِ امام زمانہ علیہ السلام، فلسفۂ غیبت، عقیدۂ رجعت، عصرِ غیبت میں امت کی ذمہ داریاں، مہدویت سے متعلق شبہات، عالمی ادیان میں منجیِ بشریت کا تصور، اور برّصغیر کے علماء کے علمی آثار جیسے موضوعات شامل ہیں۔
منتظمین کے مطابق مقالہ نگاری کے اصولوں کی مکمل پابندی لازم ہوگی، مقالہ 15 تا 20 صفحات پر مشتمل ہو، حوالہ جات کے ساتھ مرتب کیا جائے اور ایم ایس ورڈ فارمیٹ میں ارسال کیا جائے۔
مزید معلومات اور ارسالِ مقالہ کے لیے مدرسہ علمیہ الامام القائم (عجلاللہتعالیٰفرجہ)، قم (ایران) کے پتے یا ای میل alqaempajohesh@gmail.com اور واٹس ایپ نمبر 989397255714+ پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
منتظمین نے اہلِ علم، محققین اور طلبہ سے اس علمی و تحقیقی مقابلے میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔









آپ کا تبصرہ