حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، 18 ذی الحجہ 1445ھ بمطابق 25 جون 2024ء جشنِ عیدِ غدیر کے موقع پر مرکز افکارِ اسلامی کی طرف سے کلام علی علیہ السلام "نہج البلاغہ" سے فضائل علی علیہ السلام کو عام کرنے کی غرض سے "عیدِ غدیر اور ولایت علی ع" کے عنوان سے نہج البلاغہ انعامی مقابلہ 2024ء منعقد کیا جا رہا ہے۔ جس میں ایک لاکھ پاکستانی روپے تک کے نقد انعامات، 20 عدد مرکز افکار اسلامی کی نفیس نہج البلاغہ اور 25 عدد عراق اور ایران کے حرم ہای مطہر کے متبرکات شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس آنلائن انعامی مقابلہ میں مرکز افکار اسلامی کے یوٹیوب چینل "nahjulbalagha1" پر پانچ مختصر دورانیہ کے ویڈیو کلپس نشر کئے جائیں گے۔ جس میں شرکاء کو ہر کلپ سے معروضی طرز کے چھ انتہائی آسان سوالات یعنی ٹوٹل تیس ایم سی کیوز سوالات کے جواب دینا ہوں گے۔
یہ جوابات مرکز افکار اسلامی کے مذکورہ یوٹیوب چینل "nahjulbalagha1" اور ویب سائٹ www.afkareislami.com پر موجود گوگل فارم یا واٹس ایپ فارم کے ذریعہ بآسانی بھیجے جا سکیں گے۔
جوابات ارسال کرنے کی آخری تاریخ 18 ذی الحجہ 1445ھ بمطابق 25 جون 2024ء ہے۔ انعامات کا اعلان ان شاء اللہ 25 ذی الحجہ 1445ھ بمطابق یکم جولائی 2024ء، عید مباہلہ کے دن کیا جائے گا۔
نقد انعامات کی تفصیل:
پہلا انعام: 30 ہزار روپے
دوسرا انعام: 25 ہزار روپے
تیسرا انعام: 20 ہزار روپے
چوتھا انعام: 15 ہزار روپے
پانچواں انعام: 10 ہزار روپے
اس کے علاوہ 20 عدد مرکز افکار اسلامی کی نفیس نہج البلاغہ اور 25 عدد عراق اور ایران کے حرم ہای مطہر کے متبرکات شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ مرکز افکار اسلامی گذشتہ 23 سال سے کلام امیر المومنین علیہ السلام کی خدمت میں مشغول ہے۔ نہج البلاغہ سے آشنائی اور اس کی نشر و اشاعت کے لئے اس مرکز کی جانب سے انٹرنیشنل کانفرنسز کا انعقاد، مختلف سمینارز، مقالہ نویسی کے مقابلے، درجنوں کتب کی اشاعت سمیت کئی اہم اقدامات کئے گئے۔ اسی سلسلہ کی ہی ایک کڑی اس بار 18 ذی الحجہ 1445ھ جشنِ عیدِ غدیر کے موقع پر اس انعامی مقابلہ کا انعقاد ہے۔
اس مقابلہ میں مرکز افکار اسلامی کی جانب سے ممتاز شرکاء کے درمیان ایک لاکھ پاکستانی روپے تک کے نقد انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ البتہ یاد رہے کہ پاکستان کے علاوہ دوسرے ممالک سے شریک ہونے اور انعام حاصل کرنے والے افراد کو حاصل شدہ انعامی رقم کے متبادل ان کے اپنے ممالک کی کرنسی میں انعام دیا جائے گا۔
مزید تفصیلات کے لئے مرکز افکار اسلامی کے یوٹیوب چینل "nahjulbalagha1" اور ویب سائٹ www.afkareislami.com پر رجوع کر سکتے ہیں۔