حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ولادت با سعادت منجیٴعالم بشریت، قائم آل محمد، بقیۃ اللہ الاعظم، حجۃ الله، خاتم الاوصیا، خاتم الائمہ، ابو صالح، صاحب الامر، منتقم، منتظر، ولی عصر، مہدیٴ فاطمہ حضرت حجۃ ابن الحسن العسکری صاحب العصر والزمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے مبارک دن کے موقع پر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام احاطہ حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل میں ایک عظیم الشان جشن محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں علماء کونسل جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل سے وابستہ علمائے کرام اور ضلع کرگل کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں تشریف لائے عاشقان امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف نے شرکت کی، محفل کا آغاز قاری قرآن محمد مہدی جعفری نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔
تصویری جھلکیاں: ولادت با سعادت مہدی موعود (عج) کے موقع پر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام عظیم الشان جشن کا انعقاد
اس موقع پر مقررین نے فلسفۂ ظہور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے مومنین کو امام زمانہ عج اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل کیلئے ہر وقت دعا کرتے رہنے اور مومنین کو امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور کیلئے خود سازی اور اپنے نفس کا محاسبہ کرنے کی تلقین کی۔
جن مقرین نے اس موقع پر لوگوں سے خطاب کیا ان میں حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ جواد نجفی، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد امینی، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ خادم حسین آخوندی، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محبوب علی وجدانی, حجۃ الاسلام والمسلمین سید محمد طاہ رضوی اور صدر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل حجتہ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی کے نام قابل ذکر ہیں۔
اس موقع کرگل نامور شعراء تقی خان نایاب اور محمد یاسین انصاری نے پرگی اور اردو زبانوں میں اپنے کلام کے ذریعے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے خراج عقیدت پیش کی اور محفل کے رونق کو دوبالا کیا اس کے علاوہ متعدد قصیدہ و منقبت خوانوں نے اپنے خوبصورت آوازوں میں امام زمانہ کے عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی شان میں بلتی, شینہ اور اردو زبانوں میں قصیدہ اور منقبت پیش کئے اور جشن کی رونق میں مزید اضافہ کئے جن میں سجاد حسین طالب علم جوادیہ پروجیکٹ کیئر، محمد حسین وزیر اقچہ مل , مبارک حسین, پرویز احمد طالب علم جعفریہ اکاڈمی آف ماڈرن ایجوکیشن، محمد علی طالب علم جعفریہ اکیڈمی آف ماڈرن ایجوکیشن, محمد حسن ساپی, علی سلمان, آخون محمد صادق تھسکن گرونگ, محمد عباس ٹریسپون اور محمد مہدی جعفری کے نام قابل ذکر ہیں۔
اس موقع پر کرگل ٹاؤن و علاقہ دراس سے جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے ممبر و رکن حجتہ الاسلام والمسلمین شیخ محسن علی شاکری نے جشن ولادتِ با سعادت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے اس محفل با برکت میں نظامت کے فرائض انجام دیئے، اس سے قبل شب ولادت با سعادت و شب نیمہ شعبان کے موقع پر انصار المہدی جوانان اثنا عشریہ نے حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل کو خوبصورت لائٹنگ، پھولوں اور جھنڈوں سے سجایا اور حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل کے ساتھ ساتھ ضلع صدر مقام کے محلہ جات اور ضلع کے مختلف علاقوں میں مساجد، مکاتب , امام بارگاہ, گھروں اور مرحومین کے آرام گاہوں کو لائٹنگ اور چراغاں کے ذریعے سجایا گیا اور اونچے پہاڑوں پر بھی چراغاں کر کے شب نیمہ شعبان اور شب ولادت با سعادت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے موقع پر عاشقانِ امام زمانہ نے اپنے جذبات اور عقیدت کا اظہار کیا۔
جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی نے اپنے صدارتی تقریر میں امام زمانہ (عج) کے یوم ولادت با سعادت کے مبارک موقع پر خود محضر مبارک امام زمان (عج) اور ائمہ معصومین علیہم السلام، مراجع عظام اور عاشقان و منتظرین امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے خدمت میں ہدیہ تبریک و مبارک بادی پیش کرتے ہوئے مومنین کو تلقین کی کہ وہ صحیح معنوں میں امام زمانہ (عج) کے منتظرین میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو پہلے اپنے نفس کا محاسبہ کریں اور غور و فکر کریں کہ کیا ہم اور آپ اس قابل ہیں؟ کیا ہم میں وہ صفات موجود ہے کہ جو منتظرین امام زمان (عج) میں ہونی چاہئے؟ کیا ہم امام زمان (عج) کا انتظار صحیح معنوں میں کر رہے ہیں؟ یا یہ صرف ہمارے زبانوں تک ہی محدود ہے!
شیخ ناظر مہدی محمدی نے مزید کہا کہ آج کے اس دور میں ہمارے لئے سب سے اہم مسئلہ امامت کا ہے اور اسی کی کڑی ہے کہ آج ہم اپنے آخری امام کو اللہ تعالیٰ کی حکم سے پردہ غیب میں ہیں اور ہم اپنے امام کی انتظار میں ہیں، ہمارا عقیدہ ہے کہ امام زمانہ (عج) کی نظر اس پورے دنیائے عالم پر ہے اور ہمارے تمام حرکات و سکنات سے بخوبی علم رکھتے ہیں اور غیبت صغری سے غیبت کبری تک ہمارا عقیدہ ہے کہ اس غیبت کبری میں، جہاں ہم موجود ہیں بہت حساس زمانہ،بہت خطرناک زمانہ، خطرناک اس لحاظ سے کہ انسان کی ایمان پر کچھ بھروسہ نہیں اگر ایک مؤمن صبح گھر سے نکلے تو شام کو وہ مؤمن کافر بن کر واپس آجائے اس حد تک آخری زمانے میں برائیاں عام ہو جائے گی اور مومنین کیلئے اپنے ایمان کی حفاظت کرنا ایک بڑا چیلنج ہوگا اور اسی چیلنج سے لڑ کر اپنے ایمان کی حفاظت کرنے والے ہی امام زمانہ (عج) کے منتظرین میں شامل ہو سکتے ہیں۔
شیخ ناظر مہدی محمدی نے مزید کہا کہ آج کے اس دور میں غیبت امام زمانہ (عج) ہمارے لئے بہت بڑا امتحان ہے اور اس امتحان میں اگر کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو نا امید کبھی نہیں ہونا ہوگا اور اگر ہم نا امید ہوئے تو سمجھ لیجیے کہ ہم اس امتحان میں فیل ہوگئے۔ ہم تاریخ اسلام میں دیکھتے اور سنتے ہیں کہ صدر اسلام سے پیغمبر اسلام کے جانشین کو بھی اللہ تعالیٰ کے ان امتحانات سے گزرنا پڑا اور جو ولایت و امامت کے ساتھ رہے وہ ان امتحانات میں پاس ہوگئے اور وہ جو ان امتحانات میں فیل ہوئے وہ ائمہ طاہرین کہ جن کی اطاعت ہم پر واجب ہے اس امامت و ولایت کی عظیم نعمت سے محروم ہوگئے اور آج اس دور میں مسلمانوں نے دو الگ راستے اختیار کی ہوئی ہے جس میں سے ایک ولایت اہل البیت علیہم السلام کا راستہ ہے اور دوسرا غیر اہل البیت کا راستہ ہے اور امام زمانہ (عج) کی ظہور میں جتنی تاخیر ہوگی اتنی ہی زیادہ تعداد میں نئے مذاہب وجود میں آئیں گے۔
شیخ ناظر مہدی محمدی نے یوٹی انتظامیہ کو یوم ولادت امام زمانہ (عج) پر سرکاری تعطیل کا اعلان نہ کئے جانے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور یوٹی انتظامیہ کے خلاف لوگوں نے نعرہ بازی کی, شیخ ناظر مہدی محمدی نے گورنر آر کے ماتھور سے اپیل کی کہ آئندہ 15 شعبان جیسے بڑے دونوں پر سرکاری چھٹی کا اعلان کرے تاکہ سرکاری ملازمین کو بھی ان عظیم دنوں سے فیض یاب ہو سکے, آخر میں تمام مراجع عظام کی سلامتی اور دنیائے اسلام میں امن و امان کیلئے خصوصی دعائیں کی اور انصار المہدی جوانان اثنا عشریہ کرگل, تبرکات کمیٹی اور اثنا عشریہ نیٹورک اور غلام حیدر ٹینٹ سروس کا اس عظیم الشان کو احسن طریقے سے منعقد کرنے اور تعاون کی فراہمی پر اراکین جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے طرف شکریہ ادا کیا.