حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمن صاحب الزمان (عج) کے چیئرمین کی جانب سے شہر مقدس قم میں ادارہ انجمن صاحب الزمان۔کرگل کے شعبہ قم نے انجمن کے اراکین کے لئے عشائیہ کااہتمام کیا، نیز شرکاء سے اہم خطاب بھی کیا۔
خطہ لداخ کی معروف مذہبی تنظیم "ادارہ انجمن صاحب الزمان عج " کے چیئرمین جناب حجت الاسلام شیخ صادق بلاغی جو برصغیر کے مشہور علماء اور آئمہ جمعہ کی معیت میں اس وقت جمہوری اسلامی ایران کے مہمان کے عنوان سے تشریف فرما ہیں، آج شہر مقدس قم میں ادارے کے شعبہ قم (حسینیہ بقیت اللہ الاعظم) میں حاضری دےکر ایک عشائیہ کے دوران یہاں موجود علماء کرام اور طلاب سے خطاب کیا۔
موصوف نے اپنے خطاب میں سب سے پہلے قم مقدسہ میں مقیم انجمن سے منسلک علماء کرام کی دینی، تبلیغی اور سوشل اکٹویٹیس کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس دوران چیئرمین نے ادارہ انجمن صاحب الزمان (عج) کے اعلی ذمہ دار اور سرپرست اعلیٰ جناب حجت الاسلام و المسلمین سید محمد میگی عود، وائس چیئرمین امور مذہبی جناب حجت الاسلام و المسلمین سید باقر رضوی(سابقہ ایم ایل اے)، وائس چیئرمین امور سیاسی حجت الاسلام و المسلمین کونسلر سید احمد رضوی قمی(سابقہ ایم ایل سی) اور دیگر عہدہ داروں کی جانب سے ابلاغ سلام کیا۔ موصوف نے علماء حضرات سے مخاطب ہوتے ہوئے اس بات کی طرف زور دیتے ہوئے فرمایا: آج کے دور میں علماء کو اپنے علمی بحث و مباحثے کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ نو ظہور مختلف اعتقادی، فقہی اور اخلاقی شبہات کے جوابات پر تسلط حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
اپنے خطاب میں موصوف نے یہ بھی علماء کو یقین دہانی کرایا کہ ادارہ انجمن کی جانب سے ان کو ہمہ جہت حمایت حاصل رہے گی ۔
عشائیہ سے فارغ ہونے کے بعد محترم چیئرمین نے یہاں کے آفس کا دورہ کیا۔ اس دوران ان کو انجمن صاحب الزمان شعبہ قم کی دینی ،علمی اور سوشل خدمات سے آگاہ کرایا گیا اور حال حاضر اور آیندہ انجام پانے والے پروگراموں کی مختصر بریفینگ پیش کی گئی ۔
اس موقع پر مجلس میں حاضر اراکین نے جناب چیئرمین کو خیرمقدم پیش کیا اور متقابلا انہوں نے بھی شرکاء اور اراکین کا ایک بار پھر سے شکریہ ادا کیا۔