حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مدیر دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان شعبہ قم حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ ڈاکٹر سید ظفر علی شاہ نقوی، حجۃ الاسلام مرحوم علامہ شیخ صادق نجفی کی رحلت جانسوز پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک پرہیزگار متقی مبلغ، مخلص وبزرگ عالم دین تھے کہ جن کی وفات سے گلگت بلتستان کے علماء دوست عوام نامور عالم دین کی فیوضات و دینی خدمات سے محروم ہوگئے۔
علامہ سید ظفر علی شاہ نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ صادق نجفی صاحب نے بلتستان میں سالہا سال اپنے کردار سے مختلف شعبہ جات میں قومی اور مذہبی سطح پر عوام کی بے لوث خدمات انجام دی۔ انکی دینی و علمی خدمات کی وجہ سے آپ ہر دلعزیز اور محبوب عالم دین تھے ۔ مرحوم شیخ صادق علم و عمل اور تربیت و اخلاق کے میدان میں بے نظیر کامل اور انسان ساز شخصیت تھے ۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ سنہری الفاظ کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔
آپ نے مزید کہا کہ شیخ صادق نجفی قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ مفتی جعفر حسین اور قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی و موجودہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے دست وبازو ؛سچے ساتھی اور قریبی افراد میں شمار ہوتے تھے۔ مرکزی قیادت کے ساتھ مرحوم شیخ صاحب کی وفاداری اور ثابت قدمی اس حد تک نمایاں ہے کہ تاریخ بلتستان کی صفحات پر سنہری حروف سے لکھنے کے قابل ہے۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مرحوم شیخ صادق نجفی کو انکی حسن کارکردگی کی وجہ سے مرکزی سپریم کونسل کا رکن انتخاب کیا تھا اور قائد محترم نے گلگت بلتستان کا جب دورہ کیا تو مرحوم شیخ صادقی نجفی قائد کے ہمراہان میں شامل تھے اور مرحوم شیخ صاحب خط ولایت وقیادت کے ساتھ تجدید عہد کرنے کے ساتھ اپنے عہد وپیمان میں آخری دم تک مستحکم اور ثابت قدم رہتے ہوئے انتقال فرما گئے۔
آج یقینا گلگت بلتستان کی فضاء اس عالم باعمل کی وفات سے پر نم ہے اس غم میں ھم برابر کے شریک ہیں۔ ہم اس موقع پر دل کی گہرائیوں سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے تمام شاگرد،عزیز و اقارب اور خاص طور پر شیخ صاحب کے فرزندان گرامی کو تسلیت وتعزیت پیش کرتے ہیں۔ بارگاہ الہی میں دعاکرتے ہیں کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں محمد وآل محمد (ص) کے ساتھ محشور اور تمام لواحقین و حلقہ احباب بالخصوص فرزندان گرامی کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
آپ کا تبصرہ