حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سیدساجدعلی نقوی نے جید عالم دین اور گلگت بلتستان کی معروف و متحرک مذہبی و سماجی شخصیت شہید علامہ ضیاالدین رضوی کی 16ویں برسی کے موقع پرکہا کہ شہید ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔
انہوں نے بہت ہی قلیل عرصے میں ملت جعفریہ گلگت بلتستان کی شیرازہ بندی کی اور نوجوانوں کو متحد و منظم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ گلگت بلتستان میں نصاب تعلیم کوتمام مکاتب فکر کیلئے قابل قبول بنانے کیلئے انتھک محنت اور کاوشیں کیں۔
شہید اتحادبین المسلمین کے بہت بڑے حامی تھے اور علاقہ میں مذہبی ہم آہنگی کو بر قرار رکھنے میں لازوال کرداراداکیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید ضیاالدین رضوی زمانہ شناس اور وظیفہ شناس عالم دین تھے۔ شہید نے گلگت بلتستان کے عوام کے اجتماعی، سیاسی، سماجی اور تعلیمی حقوق کیلئے بھرپور جدوجہدکی۔ اُن کے افکار ونظریات نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہیں جنہیں اجاگرکرنے کی اشد ضرورت ہے اور اُن کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔