حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے گوٹھ بنگل خان چانڈیو کنب پہنچ کر اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر نسیم عباس منتظری کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نسیم عباس منتظری ایک مجاہد اور جہد مسلسل پر یقین رکھنے والے انسان تھے۔ انھوں نے اصغریہ کے پلیٹ فارم سے سندھ کے طول و عرض میں تعلیم اور تربیت کے حوالے سے قابل ذکر خدمات انجام دیں۔ زمانہ طالب علمی سے لے کر کر زندگی کے آخری لمحے تک وہ ایک الہی تنظیم کے کارکن کی حیثیت سے مذہب اور ملت کی خدمت گار رہے۔ ان کی جدوجہد اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اصغریہ نظام ولایت و امامت پر یقین رکھنے والے صالح اور باکردار انسانوں کی جماعت ہے۔ جنہوں نے وادی مہران میں ہمیشہ مکتبہ اہل بیت کی تبلیغ و ترویج کے لیے جدوجہد کی ہے۔ نوجوانوں کی تعلیم اور تربیت کے حوالے سے اصغریہ کا کردار قابل تعریف ہے۔
اس موقع پر مرحوم کے بھائی علامہ سرفراز حسین چانڈیو رئیس نثار علی چانڈیو آغا منور جعفری انتظار مہدی زرداری و دیگر موجود تھے۔
انہوں نے اس موقع پر مرحوم نسیم عباس منتظری کی قبر پر فاتحہ خوانی کی۔