۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
پاکستان، ترکی اور آذر بائیجان کا دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق

حوزہ/ پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد/ پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا ہے۔

وزارتِ خارجہ میں سہ فریقی مذاکرات ہوئے جس میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو اور آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے وفود کے ساتھ شرکت کی۔

شاہ محمود نے کہا تینوں ممالک میں یکساں ثقافتی، مذہبی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ دوران مذاکرات، تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کیلئے مختلف پہلوں پر غور و خوض کیا گیا۔ افغان امن عمل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، بین الافغان مذاکرات کے انعقاد کو سراہتے ہوئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی گئی۔

کورونا وبا کے معاشی مضمرات سے نمٹنے کیلئے تینوں ممالک نے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور مل کر وبائی چیلنج سے نمٹنے کا عزم کیا۔

پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے درمیان تجارت، معیشت، تعلیم، صنعت ،توانائی اور ثقافت کے شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوئی۔

تینوں فریقین نے دہشتگردی بشمول ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اس عفریت سے نمٹنے کیلیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر غورکیا۔ مذاکرات کے بعد تینوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے۔

شاہ محمود سے آذربائیجان کے ہم منصب جیہون بیراموف نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تجارت، زراعت، تعلیم، صنعت اور ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔

شاہ محمود نے آذربائیجان کے سرحدی علاقوں کو آرمینیا کے ناجائز قبضہ سے واگزار کروانے پر مبارکباد دی۔ جیون بیراموف نے حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں کثیر الجہتی سٹریٹیجک شراکت داری کے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے اور کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کی ضرورت ہیترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو نے تجارتی، اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پرزور دیا، دونوں ممالک نے تجارتی، اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ترکی انسداد دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ 

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .