۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
جامعہ بعثت رجوعہ سادات میں جشن سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہراء (س) کا انعقاد

حوزہ/ مقررین نے مسلمانوں کے درمیان وحدت کو اس وقت کی سب سے اہم ضرورت قرار دیا اور حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا کی سیرت کو تمام مسلمین جہان کے لیے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے آپ کی سیرت مبارکہ کو مشترکہ قومی نصاب میں شامل کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بیسواں سالانہ جشن ولادت سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا بعنوان یوم مادر اور عالمی یوم خواتین جامعہ بعثت، رجوعہ سادات، تحصیل و ضلع چنیوٹ میں بہترین روایتی انداز میں جوش و جذبے کے ساتھ منعقد کیا گیا. ہزاروں کی تعداد میں مومنین و مومنات نے ملک بھر سے شرکت کی۔ نہ صرف پنڈال کو بلکہ پورے گاؤں کو خوبصورتی سے سجایا گیا۔ ملک بھر سے نامور علماء و خطباء کی ایک تعداد نے اس جشن میں شرکت فرمائی۔

تصویری جھلکیاں: جامعہ بعثت رجوعہ سادات میں جشن سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہراء (س) کا انعقاد

جشن کے دوران جامعہ بعثت کے طلاب کی جانب سے پیش کیے جانے والے اصلاحی خاکہ جات، ٹیبلوز، بامقصد قصیدوں اور تیکوانڈو کی نمائش نے اس پروگرام کو چار چاند لگا دیے۔ علاؤہ ازیں قیمتی اور نایاب قرآنی نسخہ جات کی نمایشگاہ بھی شرکاء کی دلچسپی کا باعث بنی رہی۔

جشن میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، حجۃ الاسلام سید علی مرتضیٰ زیدی،پروفیسر عابد عابدی، حجۃ الاسلام ظہیر کربلائی،رکن گلگت بلتستان اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری حجۃ الاسلام شیخ اکبر رجائی،حجۃ الاسلام سید غلام شبیر بخاری،حجۃ الاسلام حافظ سید محمد حیدر نقوی،حجۃ الاسلام سید حسن مہدی کاظمی، حجۃ الاسلام سید قلب عباس نقوی،حجۃ الاسلام عقیل احمد سیال،حجۃ الاسلام ریاست حسین قمی،ذاکر اہلبیت محترم زوار بسمل،معروف منقبت خواں برادر احمد ناصری ، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر برادر زاہد مہدی کے علاوہ درجنوں علماء و ذاکرین شریک ہوئے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت دیگر مقررین نے مسلمانوں کے درمیان وحدت کو اس وقت کی سب سے اہم ضرورت قرار دیا اور حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت کو تمام مسلمین جہان کے لیے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے آپ کی سیرت مبارکہ کو مشترکہ قومی نصاب میں شامل کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔

رجوعہ سادات کے مقامی افراد نے جہاں مہمانوں کی تواضع کیلئے موکب لگاۓ، تو جامعہ بعثت کی انتظامیہ نے بھی شرکاء میلاد کیلئے وسیع دسترخوان کا بندوبست کر رکھا تھا، اس موقع پر چنیوٹ کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور ایمرجنسی سے نمٹنے کا بھی خاطر خواہ انتظام کیا گیا تھا. ایک اندازے کے مطابق 25 سے 30 ہزار خواتین و مرد حضرات نے اس جشن میں شرکت کی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .