حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ علامہ ابو الخیر محمد زبیر نے کہا کہ عصبیتوں کے خاتمے کے لیے عشق مصطفےٰ ۖ اولین شرط ہے۔ نبی ختمی مرتبت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی گستاخی پر بلا رنگ و نسل اور جغرافیائی حد بندیوں کی پرواہ کیے بغیر سارے مسلمانوں کا یک زبان ہونا اس امر کی دلیل ہے کہ عشق مصطفےٰ ۖ ہی وہ واحد طاقت ہے، جو ہمیں جوڑ کر رکھ سکتی ہے۔ حکمرانوں کے اندر عشق رسول کی ذرا سے بھی رمق موجود ہو تو سارے مسائل حل ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ توہین رسالت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کو روکنے کے لیے حکمرانوں کو عالمی عدالتوں کا سہارا لینا چاہیئے۔ یہ وقت اس مقصد کے لیے اس اعتبار سے بھی سازگار ہے کہ یورپی عدالتوں نے مسلمانوں کے حق میں فیصلہ دیا ہے اور کہا ہے کہ توہین رسالت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کو آزادی اظہار کا نام نہیں دیا جا سکتا۔ پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ اداروں کو کمزور کرنے والے ملک دشمنوں کے ایجنڈے پر ہیں۔