حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریکِ حسینیہ پاکستان اور ادارہ منہاج الحسنؑ لاہور کے سربراہ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کہا ہے کہ شیعان حیدر کرار کے اسلاف نے پاکستان بنایا تھا اور آج بھی ملتِ تشیع پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے دن رات کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ سے کچھ افراد اور تنظیمیں وطن عزیز کے قومی اداروں کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے انہیں کمزور کرنے میں مصروف ہیں، بالخصوص پاک فوج کیخلاف ہرزہ سرائی کی جا رہی ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کہا کہ اگر پاک فوج قربانیاں نہ دیتی تو نہ سرحدیں محفوظ ہوتیں اور نہ ہی داخلی امن نصیب ہوتا، یہ پاک فوج کے جوانوں اور وطن کے غیور اور وفادار علماء و عوام، خاص طور پر شیعانِ حیدر کرار، جنہوں نے سیکڑوں لاشوں پر کھڑے ہوکر بھی امن کی بات کی اور قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا، کی کوشش سے استحکام ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہی انمول قربانیوں کے نتیجہ میں وطن کے اندر امن قائم ہے، محرم الحرام سے پہلے سے لیکر آج تک یہ قومی ادارے ہی ہیں، جن میں پاکستان پولیس اور دیگر ادارے سر فہرست ہیں، جن کی دن رات کی کاوشوں کے نتیجہ میں وطن شیعہ سنی فساد سے بچا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاک وطن کے اداروں کے دشمنوں کو خبردار کرنا چاہتے ہیں کہ ہم ہر قسم کی قربانی دے کر وطن کے امن و استحکام کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
علامہ محمد حسین اکبر نے کہا کہ ہم عالمی اداروں، خاص طور پر فرانس، سویڈن، ڈنمارک، ناروے کی جانب سے شانِ مصطفیٰ میں گستاخی اور قرآن کی توہین کو بھی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ہماری جانیں حضور نبی کریم (ص) اور اہلبیت اطہار (ع) کیلئے قربان ہوں، استحکام پاکستان کیلئے ہم کل بھی بیدار تھے اور ہم آج بھی بیدار ہیں۔
آخر میں کہا کہ تحریک حسینیہ پاکستان کا ہر کارکن پاکستان اور اسلام کے دشمنوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔