حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا سالانہ49واں مرکزی کنونشن لاہور میں دوسرے روز بھی جاری رہا۔کنونشن میں ملک بھر سے ہزاروں طلباء نے شرکت کی۔
کنونشن کے دوسرے روز عالمی کانفرنس بعنوان حمایت مظلومین جہاں کا انعقاد ہوا جس میں فلسطین سے مشیر المصری،غزہ سے شیخ نافذ عذام،ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ثاقب اکبر،مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل،ایڈووکیٹ ناصر عباس شیرازی، علامہ مبارک موسوی اورمرکزی صدر آئی ایس او پاکستان عارف حسین الجانی نے خطاب کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ مظلومین جہاں کی حمایت محب وطن پاکستانیوں کا شعار ہے لہذاٰ دنیا بھر میں جہاں بھی ظالم اور ظلم ہوگا ہم اس کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں گے۔دنیا بھر کے مظلومین و مستعضفین جسمِ واحد کی طرح ہیں اگر اب ہم اُن مظلومین کی داد رسی نہیں کریں گے تو ہم مومن کہلانے کے حق دارنہیں ہوسکتے۔ہمیں بطور پاکستانی فخر ہے کہ ہمارا پاسپورٹ بھی مظلومین کی حمایت کی آئیڈیالوجی کی حمایت کرتے ہوئے یہ اظہار کرتا ہے کہ ہم ناجائز ریاست اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کرسکتے۔
حماس کے ترجمان مشیر المصری نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطینیوں کی حمایت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت ہے ہم خون کے آخری قطرہ تک قبلہ اول کی حفاظت کریں گے اوردشمنوں پہ بجلی بن کر گرجیں گے۔،غزہ سے شیخ نافذ عذام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظلومین جہاں کی حمایت کرنا امت مسلمہ کا شرعی وظیفہ ہے۔
آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا بھر کے مظلومین ایک مسیحا کی تلاش میں ہیں جو دنیاکو عدل سے بھر دے گا جیسے وہ ظلم سے بھرچکی ہوگی۔
کنونشن کے دوسرے رو ز تعلیمی کانفرنس بعنوان عصر حاضر کا ہتھیار قلم سے ماہرین تعلیم علامہ سبطین علوی،ڈاکٹر محمد ثقلین اور علامہ سلمان نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عظیم قوموں کا ہتھیار قلم ہے جس کی بدولت معاشرے میں علم و شعور کی کرنیں بکھیری جاسکتی ہیں۔ قلم کے حصے کا دوسرا نام علم ہے۔ قلم ہی قوموں کو مہذب بناتا اور ظلم نہ کرنے کی تلقین کرتا ہے۔
یاد رہے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستا ن کا تین روزہ کنونشن کے آخری روز مرکزی صدر کا انتخاب و اعلان ہوگا۔