۴ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۴ شوال ۱۴۴۵ | Apr 23, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ فلسطین امت مسلمہ کے اتحاد اور وحدت کا مظہر و مرکز ہے دنیا بھر کے مسلمان متحد ہو کر مظلوم فلسطینی عوام کی تحریک آزادی کی حمایت کرتے ہوئے بیت المقدس اور قبلہ اول کی آزادی کی تحریک میں اپنا کردار ادا کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے جمیعت علمائے پاکستان کے صوبائی صدر مولانا عبدالقدوس ساسولی سے ملاقات کی اور انہیں 29 اپریل کو منعقد ہونے والی (القدس امت مسلمہ کے اتحاد کا مظہر کانفرنس) میں شرکت کی دعوت دی۔ 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین امت مسلمہ کے اتحاد اور وحدت کا مظہر و مرکز ہے دنیا بھر کے مسلمان متحد ہو کر مظلوم فلسطینی عوام کی تحریک آزادی کی حمایت کرتے ہوئے بیت المقدس اور قبلہ اول کی آزادی کی تحریک میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ حماس اور حزب اللہ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں جنہیں دنیا بھر کے مسلمانوں کی حمایت حاصل ہے عالمی سامراجی قوتیں امت مسلمہ کے اتحاد اور اتفاق سے خائف ہیں اسی لئے وہ اسلام پر چاروں اطراف سے حملہ آور ہیں امہ کے درمیان تفرقہ اور اختلافات کو ہوا دینا عالمی سامراج کے ایجنڈے کا حصہ ہے جو تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جبکہ گزشتہ کئی سالوں سے دین اسلام کے مقدسات قرآن کریم اور پیغمبر رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس پر حملہ عالمی سامراج کے اسلام دشمن ایجنڈے کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال عالمی یوم القدس کے موقع پر تمام مسلمانوں کو متحد ہوکر غاصب اسرائیل سے اپنی نفرت کا اظہار کرتے ہوئے بیت المقدس اور قبلہ اول کی آزادی کا عزم مصمم کرنا ہوگا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان کے صوبائی صدر مولانا عبدالقدوس ساسولی نے کہا کہ فلسطین اور بیت المقدس کی تحریک آزادی کو تمام مسلمانوں کی حمایت حاصل ہے ہم اتحاد بین المسلمین کے علمبردار ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں اپنے جزوی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مشترکات پر متحد ہونا ہوگا فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان کے زیر اہتمام فلسطین کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .