حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےام المومنین حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کے یوم وفات کے موقعہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دین اسلام کی آبیاری زوجہ پیغمبر حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کے مال ودولت سے ہوئی اور دین کی حفاظت میں ان کی اولاد کی قربانیاں کام آئیں۔ ان کے پاکیزہ نسب کی شناخت کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ آپ دور جاہلیت میں بھی خاتون قریش اور طاہرہ کے نام سے جانی جاتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجہ (س) کا شاندار طرز زندگی خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ان کی سیرت مبارکہ پر عمل کر دنیا و آخرت میں سرخرو ہوا جا سکتا ہے۔دین اسلام کی تبلیغ و ترویج کے لیے محسنہ اسلام کی غیر معمولی قربانیوں کا تاریخ میں کوئی مقابل نہیں ملتا۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کی وفات کا اس قدر صدمہ ہوا کہ جدائی کے سال کو عام الحزن قرار دیا۔
انہوں نے ام المومنین کے یوم وفات کے موقع پر امام زمانہ علیہ السلام عجل اللہ فرجہ اور تمام محبان محمد و آل محمد ؐکی خدمت میں ہدیہ تعزیت پیش کیا۔