حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،گلگت/ سپریم کونسل جوٹیال گلگت کا نمائندہ وفد شیخ شرافت علی ولایتی النجفی کی سربراہی میں جوٹیال یوتھ کے ساتھ امن، بھائی چارگی اور اتحاد و اتفاق کا پیغام لے کر مسجد خاتم النبیین سامی محلہ جوٹیال گلگت پہنچنے پر امام مسجد عالی جناب مولانا نوید احمد نے مسجد کمیٹی سمیت سامی محلہ کے عمائدین کے ساتھ ملکر پرتباک استقبال کیا۔
چیف آرگنائزر جناب بہرام خان ایڈووکیٹ نے نمائندہ وفد کا تعارف کرانے کے بعد سپریم کونسل جوٹیال گلگت کا محرم الحرام اور رمضان المبارک میں امن و امان اور دیگر کئے گئے خدمات پر اختصار سے روشنی ڈالی۔
اسکے بعد مولانا نوید احمد امام جماعت مسجد خاتم النبیین سامی محلہ جوٹیال گلگت نے شیخ شرافت علی ولایتی النجفی کی سربراہی میں آئے ہوئے امن قافلے کا شکریہ ادا کرتے ہوا کہا کہ معاشرے میں امن وامان قائم کرنے کے لئے شیخ شرافت ولایتی کا یہ اقدام قابل صد ستائش ہے اور ہم ہر حوالے سے اس مشن میں ساتھ دینے کےلئے آمادہ و تیار ہیں۔
شیخ شرافت علی ولایتی النجفی چیئرمین سپریم کونسل جوٹیال گلگت نے اظہار خیال کرتے ہوئے سب سے پہلے مولانا نوید احمد اور سامی محلہ جوٹیال گلگت کے پرجوش استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا۔اسکے بعد ماہ مبارک رمضان کو اللہ تعالیٰ کی معرفت حاصل کرنے کے لئے بہترین وسیلہ قرار دیتے ہوئےکہا کہ اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ تقوی الہی اختیار کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان تب تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک یہاں کے باسی آپس میں یک دلی کے ساتھ مشترکہ اہداف حاصل کرنے کی کوشش نہ کریں۔ہمیں معاشرے میں اتحاد و اتفاق،بھائی چارگی اور گلگت بلتستان و پاکستان کی ترقی کے لئے مشترکات پر عمل کرتے ہوئے ایک دوسرے کی مساجد اور عبادت خانوں میں جانا ہوگا تاکہ ہر ایک کے لئے امن وامان کا پیغام پہنچ سکے اور عالم استعمار جو مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کر رہا وہ ناکام و نامراد ہوسکے۔ اتحاد و اتفاق کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم اپنا اپنا مذہب تبدیل کریں بلکہ اتحاد کا مطلب یہ ہے کہ ہم مشترکات پر عمل کریں۔
آخر میں شیخ شرافت ولایتی نے کہا کہ یہ پیغام امن کا کاروان جوٹیال گلگت سے شروع ہوچکا ہے انشاء اللہ اس مشن کو لیکر گلگت شہر کے محلے محلے میں جائنگے۔