۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
کرگل میں تحفظ عظمت قرآن ریلی

حوزہ/ انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ وسیم رضوی کے طرف سے دائر کی گئی درخواست کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مسلمانوں کی عظیم کتاب قرآن کی عظمت و تحفظات کو یقینی بنائیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی مذہبی کتاب پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،تحفظ عظمت قرآن ریلی کے عنوان سے مرکزی امام جمعہ کرگل کے زیر قیادت اور انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام مرکزی نماز جمعہ کے بعد ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا۔

حالیہ دنوں یوپی شیعہ وقف بورڈ سابقہ چیئرمین وسیم رضوی کا قرآن مجید کے 26 آیتوں کو قرآن سے حذف کئے جانے کے حوالے سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست اور قرآن دشمن اقدام اٹھائے جانے کے خلاف انجمنِ جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام اور مرکزی امام جمعہ کرگل حجتہ الاسلام والمسلمین آقای شیخ غلام حسن واعظی مرکزی کے زیر قیادت ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ جو اثناء عشریہ چوک سے شروع ہوکر مین مرکزی بازار سے ہوتے ہوئے لال چوک سے واپس اثنا عشریہ چوک پر جلسے کے ساتھ اختتام ہوا۔

تصویری جھلکیاں: تحفظ عظمت قرآن ریلی زیر اہتمام انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی شرکت

تحفظ عظمت قرآن ریلی کے عنوان سے نکالے گئے اس احتجاجی جلوس میں علماء کونسل جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کر کے وسیم رضوی کے خلاف شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے وسیم رضوی ملعون ہے،  وسیم رضوی مردہ باد، ملعون وسیم رضوی کو پھانسی دو جیسے نعرے لگا رہے تھے اور ساتھ میں قرآن کریم کے ساتھ اپنے محبت کا اظہار کرتے ہوئے قرآن ہمارا جان سے پیارا، قرآن وہ کتاب ہے ہے جو درس انقلاب ہے، جو قرآن سے ٹکرائے گا پاش پاش ہوجائے گا، حرمت قرآن پر جان بھی قربان ہے جیسے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی نے کہا کہ خطہ لداخ کے مسلمان بالخصوص ضلع کرگل کے مسلمان قرآن پاک کی بے حرمتی کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے اور وسیم رضوی ملعون نے جو قرآن پر اعتراض کرکے رسول اکرم، نبی مکرم اسلام رسول اللہ صل اللہ علیہ والہ و سلم پر جھوٹے ہونے کا تہمت لگایا ہے، لہذا وہ جب تک اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ نہ کر لے اس کا دین سے اسلام اور مکتب تشیع سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

شیخ ناظر مہدی محمدی نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ وسیم رضوی کے طرف سے دائر کی گئی درخواست کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مسلمانوں کی عظیم کتاب قرآن کی عظمت و تحفظات کو یقینی بنائیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی مذہبی کتاب پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔

شیخ ناظر مہدی محمدی نے مزید وسیم رضوی کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے ملک میں شیعہ سنی فسادات کو ہوا دینے کی جرم میں سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے کیونکہ ایسے شر پسند عناصر جو کسی بھی مذہب یا فرقے سے تعلق رکھتے ہو ملک میں مذہبی بھائی چارگی کو ہمیشہ خطرہ لاحق ہے۔

اس موقع پر مرکزی امام جمعہ کرگل حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ غلام حسن واعظی نے وسیم رضوی کے اس جاہلانہ سوچ اور قرآن اور اسلام مخالف حرکت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وسیم رضوی کے اس حرکت نے اسلام دشمن اور قرآن دشمن طاقتوں کا قرآن اور اسلام کے خلاف بات کرنے کے لئے ایک راہ ہموار کیا ہے جس کے لئے اس ملعون کو کبھی معاف نہیں کیا جا سکتا اور حکومت وقت سے اپیل کی کہ وہ ملک میں انتشار پھیلانے اور مذہبی فسادات کو ہوا دینے کی جرم میں گرفتار کرے اور سخت کارروائی عمل میں لائے، مرکزی امام جمعہ حجۃ الاسلام شیخ غلام حسن واعظی نے اپنے دعائیہ خطاب عالم اسلام میں بالعموم اور ملک میں امن و امان کیلئے خصوصی دعائیں کی اور تمام مذاہب بالخصوص مسلمانوں کو ایسی سازشوں سے ہوشیار رہتے ہوئے مذہبی بھائی چارگی کو ہمیشہ برقرار رکھنے کے تاکید کی۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ پیر کے دن صدر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل نے ایک پریس کانفرنس سے اپنے خطاب میں ضلع کرگل کے تمام آئمہ مساجد سے اپیل کیا تھا کہ بعد از نماز جمعہ تحفظ عظمت قرآن کے عنوان سے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریں اور اسی سلسلے میں ضلع کے مختلف علاقوں میں بھی نماز جمعہ کے بعد احتجاجی جلوس برآمد ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہیں، دنیا کا دوسرے سب سے زیادہ سرد علاقہ دراس میں شیعہ، سنی بھائیوں نے اپنے علمائے کرام کے قیادت میں ایک ساتھ احتجاجی جلوس نکالا گیا، جس میں امام جمعہ والجماعت جامع مسجد شیعہ اثنا عشریہ دارلتبیغ دراس اور امام جمعہ والجماعت جامع مسجد حنفیہ دراس اور اہل تشیع اور اہل سنت کے متعدد علما اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کر قرآن کریم کے بے حرمتی اور وسیم رضوی کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔

اسی طرح پشکم میں امام جمعہ والجماعت لرسی مسجد حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ احمد ارمان کے قیادت میں بعد از نماز جمعہ تحفظ عظمت قرآن کے عنوان سے ایک احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا گیا,  شیخ احمد ارمان نے وسیم رضوی کے اس جاہلانہ اور قرآن دشمن اقدام پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وسیم رضوی کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا اور سپریم کورٹ سے قرآن مجید کے چھبیس آیتوں کو حذف کئے جانے کے حوالے سے دائر کی گئی بے بنیاد عرضی کو یکسر مسترد کرنے کی اپیل کی، اس احتجاجی جلوس میں پشکم گاؤں کے مختلف محلہ جات سے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کر کے وسیم رضوی کے خلاف سخت نعرے بازی کی اور وسیم رضوی ملعون کو سلاخوں کے پیچھے ڈالنے کا مطالبہ کیا.

 ٹی ایس جی بلاک کے سلیسکوٹ گاؤں میں بھی بعد از نماز جمعہ ایک احتجاجی جلوس برآمد ہوا جس میں سلیسکوٹ کے مختلف محلہ جات سے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کر کے قرآن کریم کے ساتھ اپنے عقیدت و احترام کا اظہار کیا اور وسیم رضوی کے خلاف سخت نعرے بازی کی اس موقع پر علما نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وسیم رضوی کے طرف سے قرآن مجید کے خلاف دائر کی گئی درخواست کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مسلمانوں کے عظیم کتاب قرآن کے عظمت کو تحفظ دی جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی مذہبی کتاب پر کوئی حملہ نہ ہو اور وسیم رضوی جیسے شر پسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ 

ضلع کرگل کے دور افتادہ بلاک شکر چکتن کے مختلف گاؤں سے بھی جمعہ کے نماز کے بعد احتجاجی جلوس برآمد ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ علی نقی مبلغی امام جمعہ جامع مسجد سنجگ کے زیر قیادت ایک احتجاجی جلوس بعد از نماز جمعہ برآمد ہوا جس میں سنجگ گاؤں کے متعدد محلہ جات سے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقع پر امام جماعت حجتہ الاسلام والمسلمین شیخ اسفندیار خان اور حجتہ الاسلام شیخ قاسم رجائی بھی موجود تھے، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ علی نقی مبلغی نے اپنے خطاب میں وسیم رضوی کا قرآن کریم کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام اور قرآن دشمن عناصر کی سازش قرار دیا اور سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ اس بے بنیاد درخواست کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مسلمانوں کی عظیم کتاب قرآن مجید کی تحفظات کو یقینی بنائے اور ملک کے امن  و امان خلل ڈالنے والوں کی سازشوں کو کامیاب نہ ہونے دیں یہ بات قبل ذکر ہے کہ شیخ علی نقی مبلغی جمعیت العلماء شکر چکتن بلاک کے صدر بھی ہیں، شکر چکتن بلاک کے دوسرے گاؤں اور محلہ جات سے بھی بعد از نمازِ جمعہ احتجاجی جلوس برآمد ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .