حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ/ الہ آباد ہائی کورٹ کے لکھنؤ بنچ نے اتر پردیش شیعہ سنٹرل وقف بورڈ میں ایڈمنسٹریٹر کے تقرری کے معاملے پر یوگی حکومت کا جواب طلب کرلیا ہے۔ ہائیکورٹ نے حکومت سے پوچھا ہے کہ وقف بورڈ میں ایڈمنسٹریٹر کو کس دفعہ کے تحت مقرر کیا گیا ہے؟۔
ہائی کورٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد شیعہ وقف بورڈ میں انتخابات کروائے، ساتھ ہی وقف اور محکمہ اقلیتی بہبود کے خصوصی سکریٹری کی سطح کے افسران بھی 25 مارچ کو عدالت کو بتائیں کہ اس سمت میں کیا کارروائی کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی کی میعاد ختم ہونے کے بعد، اس عہدے پر انتخابات ہونے چاہئیں تھے۔ دریں اثنا، یوگی حکومت نے شیعہ وقف بورڈ میں منتظم مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔ گورنمنٹ کے پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود بی ایل مینا کو شیعہ وقف بورڈ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
شیعہ وقف بورڈ میں ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ کو چیلنج کیا گیا۔ ہائیکورٹ میں آج (18 مارچ) کو اس معاملے پر ہونے والی سماعت میں ، ہائی کورٹ نے شیعہ وقف بورڈ کو جلد انتخابات کرانے کا حکم دیا۔