۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
گلگت ریجن کے آئمہ جمعہ کا اجلاس

حوزہ/ آئمہ جمعہ گلگت ریجن کا اجلاس زیر صدارت قائد ملت جعفریہ گلگت بلتستان آغا سید راحت حسین الحسینی مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت میں منعقد ہوا، جس میں گلگت بھر سے آئمہ جمعہ امامیہ نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آئمہ جمعہ گلگت ریجن کا اجلاس زیر صدارت قائد ملت جعفریہ گلگت بلتستان آغا سید راحت حسین الحسینی مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت میں منعقد ہوا، جس میں گلگت بھر سے آئمہ جمعہ امامیہ نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید راحت حسین الحسینی نے کہا علماء کرام دین کے پیشوا اور قوم کے رہبر ہیں، منصب کے لحاظ سے ان پر بڑی گرانقدر ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، اس لیے ہم سب کا فرض ہے ہم تزکیہ نفس کیساتھ ان عظیم ذمہ داریوں کو پوری طرح محسوس کریں اور ان سے عہدہ برآ ہونے کی تدابیر کریں۔ معاشرہ تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ تعلیمات قرآن و سیرت آئمہ سے دوری تمام مشکلات و مسائل کی وجہ ہے۔ علماء کرام کو اس بات کی فکر ہونی چاہیے کہ ان کے وجود سے علاقے کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ دینی نفع پہنچے اور لوگوں کا تعلق مساجد کے ساتھ قائم ہو۔

سید راحت حسین نے مزید کہا کہ منشیات کی ترسیل میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے اور مخلوط نظام کی وجہ سے فحاشیت تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے خلاف علماء کرام کردار ادا کریں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ و الجماعت مرکزی امامیہ جامع مسجد استور آغا سید عاشق حسین الحسینی نے کہا مسلمانوں میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تکفیری گروہ بیرونی ایجنڈے پر مسلمانوں میں اختلافات ایجاد کر رہا ہے۔ شیعہ سنی علماء علاقے کی ترقی اور امن و امان کیلئے کردار ادا کریں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ہیئت آئمہ جماعت گلگت سید اختر حسین رضوی نے کہا دشمن سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو دین سے دور کر رہا ہے تو دوسری طرف فرقہ واریت پھیلانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ سوشل میڈیا سے مثبت استفادے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر مرکزی امامیہ کونسل گلگت ڈاکٹر ہدایت علی نے کہا معاشرے کی اصلاح اور امن و امان کے قیام میں علماء کرام کا کردار اہم ہے۔

انہوں نے کہا گلگت بلتستان کی تمام زمینیں، پہاڑ، جنگل یہاں کے عوام کی ملکیت ہے، خالصہ سرکار کے نام پر زمینوں پر قبضہ برداشت نہیں۔ استور اور دیامر کے عوام کو اعتماد میں لئے بغیر نیشنل پارک کے نام پر زمین کی الاٹمنٹ افسوس ناک ہے۔ ہم اس ایشو پر دیامر اور استور کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ حکومتی اداروں کو زمین کی ضرورت ہو تو معقول معاوضہ دے کر لیا جائے۔

اجلاس میں ضلع گلگت، نگر، ہنزہ، غذر اور ضلع استور سے آئمہ جمعہ نے شرکت کی۔ ملک کی سلامتی و استحکام اور شہداء اسلام کی بلندی درجات کیلئے اجتماعی دعا سے پروگرام کا اختتام کیا گیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .