حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان کے معروف اسلامک اسکالر مولانا سید نصرت عباس بخاری نے امام بارگاہ ابو طالب قتل گاہ سکردو میں مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات تمام مسلمانوں کیلئے سرچشمہ ہدایت ہیں، ان کا ہر قدم ہدایت کا قدم ہے۔ امام حسین نے اپنے چھ ماہ کے بیٹے کے ذریعے یزید اور آل یزید کی ساری سازشوں کو بےنقاب کر دیا۔
انہوں نے یہ بات زور دیتے ہوئے قوم کے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں نوجوانوں کو خراب کرنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے، نوجوان ہوشیار رہیں، سوشل میڈیا کا غلط استعمال جہنم کی آگ کو دعوت دینا ہے۔
مزید اپنے بیان میں کہا کہ عزاداری کا حقیقی وارث وقت کے امام ہیں، یزیدی نظام کا طریقہ واردات تبدیل ہو گیا ہے، اب قتل کرنا، جیل میں ڈالنا یزیدی نظام کا حصہ نہیں رہا بلکہ اب نوجوانوں کے ذہنوں کو پراکندہ کرنا یزیدی نظام کا اہم جز ہے، اس کیلئے سوشل میڈیا کا ٹول استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل چیلنجوں کے مقابلے کیلئے خود کو آمادہ کریں۔