۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
میرجاوا اور ریمدان بارڈر پر زائرین کی خدمت

حوزہ/ پاکستان اور ایران کی زمینی سرحدیں میرجاوا اور ریمدان کے ذریعے سے زائرینِ اربعین حسینی علیہ السلام کی آمد تیزی سے جاری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کی زمینی سرحدیں "میرجاوا اور ریمدان" کے ذریعے سے زائرینِ اربعین حسینی علیہ السلام کی انٹری تیزی سے جاری ہے۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ریمدان اور میرجاوا بارڈر سمیت سیستان و بلوچستان میں زائرین کی سہولت کے لئے متعدد موکب کا اہتمام کیا گیا ہے اور ان موکبوں میں جامعۃ المصطفی کے تعاون سے جامعۂ روحانیت بلتستان پاکستان کے علمائے کرام ثقافتی، علمی، اور تبلیغی شعبوں میں زائرین اربعینِ حسینی علیہ السلام کی رہنمائی میں مصروف عمل ہیں۔

تصاویر دیکھیں: پاکستان اور ایران کی زمینی سرحدیں "میرجاوا اور ریمدان" پر علماء و طلاب کی زائرین کی خدمت

رپورٹ کے مطابق، میرجاوا بارڈر پر حجۃ الاسلام والمسلمین غلام محمد شاکری،حجۃ الاسلام والمسلمین غلام مرتضیٰ انصاری، حجۃ الاسلام فاضل سلطانی، حجۃ الاسلام احمد صالحی، حجۃ الاسلام اصغر ہرغوسلی اور حجۃ الاسلام گلزار مہدی آبادی زائرین اربعین حسینی علیہ السلام کی خدمت اور رہنمائی کے لئے ہمہ وقت موجود ہیں۔

حوزہ نیوز کے نمائندے کے مطابق، پاکستان اور ایران کی زمینی سرحد ریمدان پر جامعۃ المصطفی کے تعاون سے جامعۂ روحانیت بلتستان پاکستان کی جانب سے زائرینِ اربعینِ حسینی علیہ السلام کے استقبال اور دیگر مسائل کے حل کے لئے حجۃ الاسلام سید محمود موسوی، حجۃ الاسلام شیخ منظور سراج، حجۃ الاسلام شیخ ذاکر ثاقب، حجۃ الاسلام شیخ اعجاز علی رئیسی اور حجۃ الاسلام شیخ افتخار حسین میر موجود ہیں۔

یاد رہے کہ اب تک کی رپورٹ کے مطابق ، پاکستان سے ہزاروں کی تعداد میں مومنین حضرت امام حسین علیہ السلام کی زیارت کے لئے ایران میں داخل ہو چکے ہیں اور زائرین براستہ ایران عراق کے لئے روانہ ہوں گے تاہم زائرین کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ زائرینِ اربعین حسینی میں مکتبِ تشیع سمیت تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

زائر سرائے امام رضا علیہ السلام زاہدان ایک ایسا مرکز ہے جسے حرمِ امام رضا علیہ السلام کے منتظمین نے تعمیر کیا ہے، جہاں زائرین کے مفت علاج و معالجے سمیت رہائش اور تین وقت کے کھانوں کا اہتمام کیا جاتا ہے اور اس مرکز میں جامعۂ روحانیت بلتستان پاکستان کی جانب سے حجۃ الاسلام شیخ جعفر حسن سبحانی، حجۃ الاسلام شیخ قربان علی اور مولانا ضامن علی تبلیغی اور ثقافتی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔

سنٹر زاہدان خلیج فارس چورنگی پر الغدیر موکب میں حجۃ الاسلام قمر عباس ببر زائرین کی خدمت کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں اس موکب میں بھی زائرین کے لئے طعام و قیام کا بہترین انتظام ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے کے مطابق، شہید بہشتی سپورٹس کمپلیکس سیستان و بلوچستان ایران میں موکب"بوقتِ حسین علیہ السلام میں حجۃ الاسلام والمسلمین محمد حسین صابری اور حجۃ الاسلام شیخ خورشید علی زائرین کی خدمت میں پیش پیش ہیں اور اسی طرح بزرگ عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمودی اور حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ حیدری بھی زاہدان شہر کے مقامی موکب "شہیدان جہان زادہ میں تبلیغی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

ایرانشہر کے مقامی موکب میں پاراچنار سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز عالمِ دین حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ہلال طوری اور پنجاب پاکستان سے تعلق رکھنے والے حجۃ الاسلام شیخ علی رضا اور ان کی محترمہ اہلیہ زائرینِ اربعینِ حسینی علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہیں۔

یاد رہے کہ یہ مبلغین جامعۃ المصطفی کے تعاون سے جامعۂ روحانیت بلتستان پاکستان کی جانب سے تبلیغی اور ثقافتی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان سے زائرین کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت سمیت عوام اور رضاکاروں کی جانب سے بہترین طریقے سے زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، مبلغین اور زائرین کو درپیش مشکلات کے پیش نظر اساتید حوزہ علمیہ قم حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ فدا علی حلیمی اور حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر ممتاز مختلف حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کر رہے ہیں اور ان ملاقاتوں میں نمائندۂ ولی فقیہ صوبۂ سیستان و بلوچستان آیت اللہ محامی سے تفصیلی ملاقات شامل ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .

تبصرے

  • m raza IR 22:52 - 2022/09/06
    0 0
    Bht khoob ju MashAllah Allah ap logo ko kamyab kare