بدھ 20 اگست 2025 - 22:27
"پول نمبر 820 موکب باب الحسین" زائرین کی خدمت ہمارا شرف اور سعادت ہے، مولانا علی عباس نجفی

حوزہ/ نجف اشرف سے کربلا پیدل سفر کے دوران مولانا علی عباس خان نے حوزہ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیارت امام حسینؑ کی عظمت جنت سے بھی بلند ہے اور زائرین کی خدمت اللہ اور اہل بیتؑ کا احسان ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اربعین حسینی کی مناسبت سے نجف سے کربلا پیدل سفر کے دوران حوزہ نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے

پول نمبر 820 پر موکب باب الحسین کے منتظم مولانا علی عباس نجفی نے کہا کہ زائرین کی خدمت کرنا ہمارے لئے باعثِ شرف ہے۔ ہم پر پروردگار کا یہ خاص لطف و کرم ہے کہ ہمیں زائرین امام حسین علیہ الصلاۃ والسلام کی خدمت کی سعادت نصیب ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ اس سال موکب باب الحسین میں تقریباً دو سو سے زائد خدام موجود تھے جو زائرین کی خدمت میں مصروف رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ خدمت دراصل ہمارا کام نہیں بلکہ فرشتوں کا کام ہے۔ جب کوئی زائر امام حسین علیہ السلام کی زیارت کے لئے کربلا کی طرف بڑھتا ہے تو فرشتے اس کے استقبال کے لئے آتے ہیں اور انبیاء جنت کو چھوڑ کر زیارت کے لئے حاضر ہوتے ہیں۔ ہم جو کچھ کر رہے ہیں وہ دراصل خدا، رسول اسلام، جناب سیدہ زہرا سلام اللہ علیہا، ائمہ اطہار علیہم السلام اور امام زمانہ علیہ السلام کا ہم پر احسان ہے۔"

مولانا علی عباس نجفی نے مزید کہا کہ مرجع عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی (دام ظلّہ الوارف) نے زیارت امام حسین علیہ السلام کی عظمت کے بارے میں فرمایا ہے کہ "جنت میں صلاحیت ہی نہیں کہ وہ زیارتِ امام حسین علیہ السلام کا عوض ہو سکے۔" یہ جملہ زیارت کی بے مثال عظمت کو اجاگر کرتا ہے۔ اسی طرح انہوں نے یہ بھی فرمایا کہ "تمام مستحبات میں سب سے افضل عمل زیارت امام حسین علیہ السلام ہے۔"

گفتگو کے دوران انہوں نے کہا: "ہمارا ایمان ہے کہ اس پیادہ روی میں ہمارے امام زمانہ علیہ السلام بھی موجود ہیں۔ لہٰذا ہر زائر کی خدمت ایسے کریں جیسے ہم اپنے زمانے کے امام کی خدمت کر رہے ہوں۔"

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ زائرین کو کسی قسم کی اذیت یا تکلیف نہ پہنچے، بلکہ ان کے لئے بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ "زائر کا پیر اور ہاتھ بوسہ کے لائق ہے، اس کے چہرے پر مسکراہٹ اور سکون ہونا چاہئے۔ اگر کوئی زائر موکب سے خوش ہو کر دعا دے کر رخصت ہو تو یہی اصل کامیابی ہے۔"

مولانا نے کہا کہ ہماری یہی کوشش ہوتی ہے کہ زائرین کو گھروں سے بہتر کھانا پیش کیا جائے اور بہترین آرام دہ ماحول فراہم کیا جائے۔ "الحمدللہ زائرین نے خود یہ اظہار کیا کہ نجف سے کربلا کے پیدل سفر میں موکب باب الحسین کی خدمات قابل ستائش ہیں جہاں ہال ٹھنڈے ہیں، کھانے کا انتظام بہترین ہے اور ہر وقت سکون و اطمینان کی فضا رہتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha