حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ولادتِ باسعادت حضرت خاتم الانبیاء محمد مصطفیٰ صلی الله عليه وآلہ وسلم اور ان کے چھٹے جانشین حضرت امام جعفر صادق علیہ السّلام کی مناسبت سے مسجد قرآن و عترت احمد نگر پرانا قلعہ پُکھرا، سیوان، بہار ہندوستان میں ایک عظیم الشان جشنِ رحمۃ للعالمین کا انعقاد کیا گیا، جس میں مؤمنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
جشنِ صادقین علیہما السّلام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جس کے بعد مقامی اور مہمان شعرائے کرام نے بارگاہِ رسالت و امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
حجت الاسلام مولانا محمد رضا معروفی امام جمعہ مسجد قرآن و عترت سیوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الله تبارک و تعالیٰ نے اپنے حبیب حضرت محمد مصطفیٰ صلی الله عليه وآلہ وسلم کو تمام انسانوں کے لیے آئیڈیل اور نمونۂ عمل قرار دیا ہے، لہٰذا ہمیں اپنی پوری زندگی حضور صلی الله عليه وآلہ وسلم کی سیرت کے مطابق گزارنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دین کا کام جو بھی کرتا ہے اس کے راستے میں رکاوٹیں آتی ہیں، مشکلات اور پریشانیاں اس کا راستہ روکنے کی کوشش کرتی ہیں، لوگوں کی طرف سے الزامات لگائے جاتے ہیں جیسا کہ ہمارے نبی صلی الله عليه وآلہ وسلم نے جب اپنے الٰہی مشن کو آگے بڑھایا تو کبھی ان کو ساحر کہا گیا، کبھی مجنوں کہا گیا تو کبھی شاعر کہا گیا، لیکن حضور نے اپنے مشن کو نہیں چھوڑا اور خدا کے دین کو پایہ تکمیل تک پہنچا دیا، اسی طرح دینی کام کرنے والوں کو بھی مشکلات سے گھبرانا نہیں چاہیے اور لوگوں کے ڈر سے اپنے کام کو ترک نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ خدا نے ہر مشکل کا حل پیدا کر رکھا ہے بس ہمیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر بانی مسجد قرآن و عترت و بانی قرآن و عترت فاؤنڈیشن حجت الاسلام مولانا سید شمع محمد رضوی نے اختتامی خطاب کرتے ہوئے سیرتِ پیغمبرِ اکرم صلی الله عليه وآلہ وسلم اور کردار امام جعفر صادق علیہ السّلام پر روشنی ڈالی۔










آپ کا تبصرہ