حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سیوان/ امام بارگاہ قرآن و عترت، احمد نگر، پوکھرا، سیوان (بہار) میں ولادتِ امام محمد تقی علیہ السلام کے پُرمسرت موقع پر ایک شاندار محفلِ جشن منعقد کی گئی۔ اس روحانی اجتماع میں کثیر تعداد میں محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام نے شرکت کی اور پیش خوانی کے ذریعے اپنے جذباتِ عقیدت کا اظہار کیا۔
محفل سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد رضا معروفی نے امام محمد تقی علیہ السلام کے فضائل، مصائب اور سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مولانا موصوف نے کہا کہ نویں امام، حضرت امام محمد جواد علیہ السلام، انبیائے کرام کی طرح کم سنی میں منصبِ امامت پر فائز ہوئے۔ تاریخ میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی مثال ملتی ہے جنہوں نے گہوارے میں نبوت کا اعلان فرمایا۔
انہوں نے مزید بیان کیا کہ امام جواد علیہ السلام کی عمر اپنے والدِ گرامی حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شہادت کے وقت محض سات برس تھی۔ اس کم عمری کے باوجود جب آپ کو مسجدِ نبوی میں حاضر کیا گیا تو آپ نے اپنے الٰہی علم کے ذریعے معمر علما اور بزرگوں کے سامنے خطاب فرمایا اور اپنی امامت و علمِ لدنی کا واضح اعلان کیا۔
اسی سلسلے میں بانی قرآن و عترت مولانا سید شمع محمد رضوی نے کہا کہ ائمہ اہلِ بیت علیہم السلام کا علم خاص اور عطائی ہوتا ہے، جو کسی استاد سے حاصل نہیں کیا جاتا بلکہ بچپن ہی سے ان کے دلوں میں ودیعت کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے ان تمام افراد کو مبارکباد پیش کی جن کے دل آج بھی امام محمد جواد علیہ السلام کی محبت سے سرشار ہیں۔
اس روحانی پروگرام کی نظامت کے فرائض جناب سید انتظار حسین رضوی بھیک پوری نے حسن و خوبی سے انجام دیے۔ اختتام پر مولانا محمد رضا معروفی نے سیوان شہر کے مومنین کی توفیقات، سلامتی اور استقامتِ دین کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔









آپ کا تبصرہ