اتوار 15 فروری 2026 - 20:49
امام بارگاہ پر حملہ ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب پر حملہ ہے: حجۃ الاسلام مولانا سید صفی حیدر

حوزہ/ تنظیم المکاتب لکھنؤ کے سکریٹری، حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی نے ریاست اتر پردیش کے ضلع فرخ آباد میں امام بارگاہ اور تعزیوں کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب پر حملہ قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تنظیم المکاتب لکھنؤ کے سکریٹری، حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی نے ریاست اتر پردیش کے ضلع فرخ آباد میں امام بارگاہ اور تعزیوں کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب پر حملہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان ایک عظیم ملک ہے جسے رشکِ جنت اور گلستاں سے تعبیر کیا جاتا ہے، جہاں صدیوں سے مسالمت آمیز بقائے باہمی، “جیو اور جینے دو” کے اصول اور مذہبی آزادی کا ماحول قائم رہا ہے۔ ایسے میں فرخ آباد میں امام بارگاہ اور تعزیوں کو نذر آتش کیا جانا نہایت افسوسناک اور رنجیدہ کرنے والا واقعہ ہے، جس نے اتحادِ ملی کو نقصان پہنچایا ہے۔

مولانا سید صفی حیدر نے کہا کہ یہ واقعہ ریاستی حکومت کے قانون و نظم و نسق کے دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے اور انتظامیہ کے لیے چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے سے بالخصوص شیعہ برادری کے مذہبی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے اور اقلیت میں اقلیت ہونے کے سبب شیعہ طبقہ میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا بھر میں شیعہ اکثریتی ممالک کے علاوہ ہندوستان وہ واحد ملک ہے جہاں عزاداریٔ امام حسینؑ پوری آزادی اور شان و شوکت کے ساتھ انجام دی جاتی ہے، اور یہاں اہل ہنود کی بڑی تعداد بھی عزاداری میں شریک ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسینی برہمنوں کی روایت ہندوستان کی مشترکہ تہذیب کی علامت ہے۔

آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ ملک کی سماجی ہم آہنگی اور سالمیت کو نقصان پہنچانے والی سازشوں کا سدباب کیا جا سکے۔ انہوں نے حکومت اتر پردیش سے امید ظاہر کی کہ مجرموں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha