حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزِ تحقیق جامعۃالمصطفیٰ پاکستان کے زیرِ اہتمام سیرتِ حضرت فاطمہؑ پر مضمون و مقالہ نویسی کے مقابلے میں شریک طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کے لیے ایک تقریب منعقد ہوئی؛ جس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔
حضرت فاطمۃ الزہراءؑ اسوۂ کامل‘‘ کے عنوان سے منعقدہ مضمون و مقالہ نویسی کے اس مقابلے میں معصومہ انسٹیٹیوٹ کی پندرہ سے زائد طالبات نے شوق و جذبے کے ساتھ شرکت کی تھی اور معیاری مضامین و مقالات پیش کیے تھے۔
تقریبِ تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ندیم عباس نے فنِ تحریر اور تحقیق کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریر کے میدان میں کامیابی کے لیے بنیادی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ تحقیق پیش کرنے کے جدید ذرائع سے آگاہی بھی ناگزیر ہے۔
انہوں نے تحقیق کے عمل میں جدید ٹیکنالوجی بالخصوص مصنوعی ذہانت (AI) کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
اس موقع پر مقابلے میں حصہ لینے والی طالبات کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی اور ان کی علمی و تحقیقی کاوشوں کو سراہا گیا۔
معصومہ انسٹیٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز کی پرنسپل خواہر انصر نقوی نے مرکزِ تحقیق جامعۃالمصطفیٰ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مضمون اور مقالہ نویسی ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے اس علمی مقابلے کے انعقاد کو سراہتے ہوئے طالبات کی حوصلہ افزائی پر منتظمین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر خواہر انصر نقوی نے مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔










آپ کا تبصرہ