حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ المصطفیٰ کراچی شعبۂ طالبات کے ایک وفد نے مدرسے کی پرنسپل محترمہ ڈاکٹر تسنیم زہراء موسوی کی سربراہی میں، جامعہ کراچی کی معروف ڈاکٹر محمود حسین لائبریری کا ایک علمی و تحقیقی دورہ کیا۔

اس دورے کا بنیادی مقصد، طالبات کو تحقیق کے عملی ماحول سے روشناس کروانا اور انہیں مستند تحقیقی مصادر و جدید علمی سہولیات سے آگاہ کرنا تھا۔
دورے کے دوران، ڈاکٹر محمود حسین لائبریری کی سربراہ محترمہ ڈاکٹر نرگس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ لائبریری کے مختلف شعبہ جات، تحقیقی سہولیات، ڈیجیٹل وسائل، ریفرنس سیکشن اور علمی خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی۔

یہ علمی دورہ طالبات میں تحقیقی ذوق کو فروغ دینے، اصولِ تحقیق سے عملی آشنائی اور جامعہ المصطفیٰ اور جامعہ کراچی کے درمیان علمی روابط کے فروغ میں نہایت مؤثر ثابت ہوا۔
اس موقع پر محترمہ ڈاکٹر سیدہ تسنیم زہراء موسوی نے لائبریری انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے علمی دورے طالبات کے تحقیقی معیار کو بلند کرنے، علمی ذمہ داری کے احساس کو مضبوط بنانے اور پیشہ ورانہ تحقیقی ڈھانچوں سے عملی واقفیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جدید تحقیق معتبر علمی اداروں کے ساتھ مسلسل تعامل اور تحقیقی وسائل کے درست استعمال کی متقاضی ہے اور جامعہ المصطفیٰ شعبۂ طالبات کراچی ایسے پروگراموں کے تسلسل کے ذریعے طالبات کو مستقبل میں علمی و فکری میدانوں میں مؤثر اور پائیدار کردار ادا کرنے کے لیے تیار کر رہی ہے۔
اس علمی دورے میں طالبات وفد کے ہمراہ مدرسے کی پرنسپل، شعبۂ تحقیق کی معاون محترمہ جوہری اور شعبۂ فارغ التحصیل کی ذمہ دار محترمہ رضوی بھی شریک تھیں۔









آپ کا تبصرہ