جمعہ 26 دسمبر 2025 - 14:56
پاکستان میں دینی، علمی اور سماجی میدانوں کے لیے متعہد اور مؤثر خواتین کی منظم تربیت

حوزہ/ جامعۃ المصطفیٰؐ کراچی شعبۂ طالبات میں ملکی و بین الاقوامی معزز شخصیات کے دورے کے موقع پر مدیر ادارہ ڈاکٹر سیدہ تسنیم زہراء موسوی نے مدرسے کی علمی و تربیتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ المصطفیٰؐ کراچی شعبۂ طالبات کی مدیر محترمہ ڈاکٹر سیدہ تسنیم زہراء موسوی نے معزز ملکی و بین الاقوامی مہمانان، باالخصوص جناب ڈاکٹر مہدی مصطفوی قائم مقام معاونِ بین الاقوامی دفترِ رہبرِ معظم، جناب ڈاکٹر عبدالرضا راشد معاونِ بین الاقوامی تنظیم ثقافتی و اسلامی روابط، حجت الاسلام والمسلمین جناب محمد ظرافتی مدیرِ کل ایشیاء دفترِ رہبرِ معظم اور جناب سعید ڈاکٹر طالبی نیا مدیرِ کل خانۂ فرہنگ کراچی کی پاکستان اور باالخصوص جامعۃ المصطفیٰؐ کراچی شعبۂ طالبات میں تشریف آوری پر ان کا پُرخلوص خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر محترمہ ڈاکٹر سیدہ تسنیم زہراء موسوی نے ماہِ رجب المرجب کی آمد پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے مدرسے کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں پر مشتمل مختصر رپورٹ پیش کی۔

پاکستان میں دینی، علمی اور سماجی میدانوں کے لیے متعہد اور مؤثر خواتین کی منظم تربیت

انہوں نے کہا کہ ادارۂ ہذا پاکستان کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والی طالبات کو منظم نظام کے تحت دینی علوم، تربیتی، اخلاقی، ثقافتی اور تحقیقی تربیت فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ادارۂ ہذا ایک جامع تعلیمی و تربیتی نظام پر قائم ہے، جس میں تعلیم اور تحقیق کے ساتھ ساتھ قرآنی اور اخلاقی تربیت، روحانی ارتقاء اور سماجی ذمہ داری کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔

ڈاکٹر سیدہ تسنیم زہراء موسوی نے واضح کیا کہ جامعۃ المصطفیٰؐ کے تحت پاکستان میں یہ طالبات کا واحد باضابطہ کیمپس اور منظور شدہ مدرسہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مدرسے کے تعلیمی پروگراموں میں فارغ التحصیل طالبات کی منظم تشکیل اور رابطہ کاری شامل ہے، تاکہ ان کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جا سکے اور ان کی علمی، ثقافتی اور تبلیغی صلاحیتوں سے مختلف دینی و سماجی میدانوں میں استفادہ کیا جا سکے اسی تناظر میں مدرسہ اپنی استطاعت کے مطابق باصلاحیت اور متعہد فارغ التحصیل طالبات کو تعلیمی، ثقافتی اور انتظامی شعبوں میں خدمات انجام دینے کے مواقع بھی فراہم کر رہا ہے۔

پاکستان میں دینی، علمی اور سماجی میدانوں کے لیے متعہد اور مؤثر خواتین کی منظم تربیت

رپورٹ میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی کہ فارسی زبان کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس کے لیے فارسی زبان کے اساتذہ کی تربیت کے باقاعدہ کورسز منعقد کیے جا رہے ہیں، تاکہ باصلاحیت فارغ التحصیل طالبات تدریسی میدان میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مدرسے میں حفظِ قرآنِ کریم کو تربیتی نظام میں ایک خصوصی مقام حاصل ہے اور طالبات کا قرآنِ کریم سے گہرا تعلق قائم کروانے اور آیاتِ الٰہی کو حفظ کروانے کی بھرپور ترغیب دی جاتی ہے۔

انہوں نے ملاقات کے آخر میں امید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور ذمہ داران کی رہنمائی اور حمایت سے یہ ادارہ پاکستان میں فاضل، متعہد اور مؤثر خواتین کی تربیت میں آئندہ بھی فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha