حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رجب المرجب کی آمد کے سلسلے میں جامعۃ المصطفیٰ کراچی شعبۂ طالبات میں ایک علمی نشست منعقد ہوئی، جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے معزز مہمانان ڈاکٹر مہدی مصطفوی (دفترِ رہبرِ معظم کے بین الاقوامی امور کے نائب سربراہ)، ڈاکٹر عبدالرضا راشد (بین الاقوامی تنظیم برائے ثقافتی و اسلامی روابط کے معاون)، حجت الاسلام محمد ظرافتی (دفترِ رہبرِ معظم کے ایشیائی امور کے سربراہ) اور ڈاکٹر سعید طالبی نیا (خانۂ فرہنگ کراچی کے سربراہ) نے شرکت کی۔

نشست کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کے بعد خانۂ فرہنگ کراچی کے سربراہ ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں طالبات کے دینی و سماجی کردار، نیز ظہورِ امامِ عصرؑ کی تیاری میں ان کی ذمہ داریوں پر زور دیا۔
ڈاکٹر طالبی نیا نے مقامِ شہادت کی عظمت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے راہِ حق میں شہادت کی توفیق کی دعا کی اور واضح کیا کہ شہادت محض ایک واقعہ نہیں، بلکہ شہیدانہ طرزِ زندگی، اخلاص، تعہد اور عملِ صالح کا تقاضا کرتی ہے۔
آخر میں انہوں نے جامعہ المصطفیٰ کراچی شعبۂ طالبات کی مدیر، انتظامیہ اور منتظمین پروگرام اور طالبات کے نظم و ضبط، علمی جدوجہد اور دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر دفترِ رہبرِ معظم کے بین الاقوامی امور کے نائب سربراہ ڈاکٹر مہدی مصطفوی نے ماہِ رجب کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ماہِ حرام میں شامل ہے اور نہ صرف اسلام، بلکہ سابقہ ادیان میں بھی اس ماہ کو خصوصی تقدس اور اہمیت حاصل رہی ہے۔

انہوں نے قرآنِ کریم سے عملی وابستگی کو فرد اور معاشرے کی اصلاح کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے ماہِ رجب کی نمایاں فضیلت مہربانی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ معاشرے کی فکری و اخلاقی ترقی میں باہمی محبت، رحم دلی اور مہربانی کا بنیادی کردار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر معاشرے میں مہربانی کو فروغ دینا مقصود ہو تو اس کے لیے ضروری ہے کہ یہ جذبہ خالصتاً رضائے الٰہی اور الٰہی اقدار کے تحت پروان چڑھے۔
ڈاکٹر مصطفوی نے امید ظاہر کی کہ اس بابرکت مہینے سے صحیح استفادہ کے ذریعے ہم ’’اینالرجبیون‘‘ کے باوقار عنوان کے مصداق بن سکیں گے۔
اس موقع پر پاکستان میں جامعۃ المصطفیٰ کے نمائندے، حجت الاسلام سید علی شمسی پور نے مدیرِ مدرسہ، تمام ذمہ داران، اساتذۂ کرام اور طلابِ گرامی کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
نشست سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام محمد ظرافتی نے اسلام میں عورت کے مقام پر تفصیلی گفتگو کی اور رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی کے حالیہ بیانات کے مطالعے اور ان پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان میں خواتین کے مثبت، باوقار اور فعال کردار کو سراہا۔
جامعہ المصطفیٰ کراچی شعبۂ طالبات کی پرنسپل محترمہ ڈاکٹر سیدہ تسنیم زہراء موسوی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی قیمتی مصروفیات کے باوجود تشریف آوری کو باعثِ افتخار قرار دیا اور مختصراً مدرسے کی تعلیمی، تربیتی، قرآنی اور ثقافتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔

پروگرام کا اختتام امامِ زمانہؑ کی سلامتی اور تعجیلِ ظہور کی دعا کے ساتھ ہوا۔
آخر میں معزز مہمانوں نے مدرسے کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر مہمانوں نے ادارے کے تعلیمی، ثقافتی اور تربیتی ماحول و سہولیات کا قریب سے مشاہدہ کیا اور ان پر اطمینان کا اظہار کیا۔











آپ کا تبصرہ