جمعہ 2 جنوری 2026 - 16:57
یومِ ولادتِ مولا علی؛ ولایت و امامت سے یومِ تجدیدِ عہد: علامہ حسن سروری

حوزہ/مرکزی جامع مسجد سکردو بلتستان میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب امام جمعہ علامہ شیخ حسن سروری نے کہا کہ 13 رجب مولا امیر المؤمنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السّلام کا یومِ ولادتِ باسعادت اور یومِ ولایت ہے؛ آپ کی ولادت خانۂ کعبہ میں اور شہادت مسجد میں ہوئی جو ایک منفرد سعادت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی جامع مسجد سکردو بلتستان میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب امام جمعہ علامہ شیخ حسن سروری نے کہا کہ 13 رجب مولا امیر المؤمنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السّلام کا یومِ ولادتِ باسعادت اور یومِ ولایت ہے؛ آپ کی ولادت خانۂ کعبہ میں اور شہادت مسجد میں ہوئی جو ایک منفرد سعادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام مشکل کشا ہیں اور ولایتِ علی کے بغیر عبادت قبول نہیں ہوتی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ یومِ ولادت کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں اور چراغاں، محافل، خیرات اور خوشی کے ذریعے محبتِ اہلِ بیت علیہم السّلام کا اظہار کریں، کیونکہ ماہِ رجب عیدوں کا مہینہ ہے اور اس بابرکت مہینے میں ایمان کی لذت حاصل کرنے کے لیے جھوٹ کو ہر حال میں حتیٰ کہ مذاق میں بھی ترک کرنا ضروری ہے۔

علامہ شیخ حسن سروری نے نگراں وزیر اعلیٰ کے حلف کے چالیس روز گزرنے کے باوجود نگراں کابینہ کی تشکیل نہ ہونے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلائی جا رہی ہے جس سے عوام میں بے یقینی پھیل رہی ہے۔

انہوں نے فوری طور پر نگراں کابینہ کے قیام کا مطالبہ کیا۔

نائب امام جمعہ سکردو نے روندو میں تیل ذخیرہ کرنے کے ڈپو کے منصوبے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے مشاورت اور زمین کا مکمل معاوضہ ادا کیے بغیر کسی منصوبے پر کام نہ کیا جائے، کیونکہ لینڈ ریفارم بل کے بعد زمین عوام کی ملکیت ہے۔

علامہ سروری نے بلتستان خصوصاً سکردو میں ناقص اور کم وزن اشیائے خوردونوش کی فروخت پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ناقص تیل، آٹا، چاول اور دیگر اشیاء کے ساتھ ناپ تول میں کمی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، کیونکہ یہ عوام کی صحت اور دینی اقدار سے مذاق ہے۔

آخر میں انہوں نے مظلوم فلسطینی عوام پر غاصب اسرائیل کی طرف سے جاری مظالم کی مذمت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں مظلوموں کا ساتھ دینے، ظالموں کی مخالفت کرنے اور وطنِ عزیز پاکستان کو داخلی و خارجی دشمنوں سے محفوظ رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha