حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس ملاقات میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے بھی شرکت کی جبکہ کاروان عہد و وفا میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات علی عظمت بلوچ، صوبائی اعزازی نائب صدور مولانا کفایت حسین کریمی، صوبائی مشیر غلام عباس مہر، ڈویژنل صدر کراچی مولانا سید مظہر حسین زیدی، ڈویژنل سیکرٹری کراچی مولانا سجاد حسین حاتمی، ڈویژنل سیکرٹری سکھر مولانا امداد حسین الحسینی اور سندھ کے مختلف علاقوں سے ضلعی و تحصیلی ذمہ داران شامل تھے۔

ملاقات میں صوبائی صدر علامہ اسد اقبال زیدی نے سپاس نامہ پیش کیا جبکہ مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے سندھ کے وفد کی آمد شکریہ ادا کیا اور عہد و وفا کاروان کی خدمات کو سراہتے ہوئے قیادت سے سندھ کے عوام کی محبت کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل کو صوبہ سندھ کی جانب سے ان کی انتھک تنظیمی فعالیت، سماجی و سیاسی خدمات اور رفاہ عامہ کے لیے بے لوث گرانقدر خدمات کے اعتراف کے طور پر یادگاری سیوینیئر اور اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے صوبہ سندھ کے نمائندہ تنظیمی وفد سے خطاب کرتے ہوئے سندھ میں تنظیم کی مظبوط خطوط پر استواری کو سراہا اور ان کو اب تک کے کامیاب عوامی اجتماعات منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام اور عوامی حقوق کی محافظ جماعت ہے جس نے ماضی میں بھی معاشرے میں عوام کے حقوق کی جدوجہد اتحاد و وحدت اور بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کے ذریعہ کامیابی سے انجام دیں اور یہ جماعت وطن عزیز پاکستان میں اسلام کی حیاء کا تسلسل ہے۔
علامہ سید ساجد نقوی نے معاشرے میں گروہ بندی سے اجتناب کرنے کی تاکید کرتے ہوئے وطن عزیز میں ہم آہنگی کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر تاکید کی۔
قابل ذکر ہے کہ ملاقات میں صوبہ سندھ کے تمام اضلاع سے آئے ہوئے نمائندوں نے قائد محترم کو سندھی کلچر کے مطابق اجرکیں پہنائیں۔

اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور صوبائی صوبائی صدر سندھ علامہ اسد اقبال زیدی نے قائد محترم کی نصف صدی پر محیط بطور قومی قیادت خدمات کے اعتراف میں شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی اور ان کو 25 جنوری 2026ء کو سیون میں منعقد ہونے والی عظمت شہداء کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا۔

قائد محترم نے شہدائے سیون کی برسی کو شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کی بڑی کاوشوں میں شمار کرتے ہوئے عوام سے برسی کے جلسے میں بھرپور شرکت کرکے مظلوم شہداء کی یاد منانے اور ظلم کے خلاف بھرپور صدائے احتجاج بلند کرنے کی بھی اپیل کی۔












آپ کا تبصرہ