ہفتہ 3 جنوری 2026 - 12:25
حضرت علی (ع) کی حیاتِ طیبہ مسلمانانِ عالم کے لئے نمونہ عمل ہے

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: امیرالمومنین ؑکا عدل و انصاف کے نفاذ کا منفرد پہلو انہیں دنیا کے تمام حکمرانوں سے جدا اور منفرد کرتا ہے۔ عدل علی ؑ آج بھی دنیا میں ایک نمونے اور ماڈل کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا 13 رجب المرجب، امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہما السلام کی ولادت باسعادت کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا: خدا تعالی اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان رکھنے والوں کے لئے 13 رجب المرجب کا دن بہت بڑی خوشی کا دن ہے کیونکہ اس دن نفس رسول، امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کعبہ کے اندر متولد ہوئے۔

انہوں نے کہا: یہ ولادت امامت اور پیشوائی کی ولادت ہے۔حضرت علی علیہ السلام کی خصوصی تربیت پیغمبر گرامی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کی۔ وہ ہمہ وقت پیغمبر گرامی کے ساتھ رہے۔ حضرت علی علیہ السلام کے اجتماعی و سیاسی مسائل میں سیاست علوی ایک ایسا باب ہے جس کے گہرے مطالعے کی ضرورت ہے۔

قائد ملت جعفریہ نے کہا: بحرانی حالات میں امیرالمؤمنین علی علیہ السلام نے جس طرح کامیاب حکمرانی کی اور منفرد و جامع طرز جہاں بانی عطا کیا اس سے آج بھی استفادہ کیا جارہا ہے۔ بالخصوص مالک اشتر کے نام آپ کا وصیت نامہ ہدایت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے جس سے پاکستانی ریاست کو بھی استفادہ کرنا چاہیے۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا: امیرالمومنین ؑکا عدل و انصاف کے نفاذ کا منفرد پہلو انہیں دنیا کے تمام حکمرانوں سے جدا اور منفرد کرتا ہے۔ عدل علی آج بھی دنیا میں ایک نمونے اور ماڈل کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے اور امیرالمومنین علیہ السلام کا طرز حکمرانی اور طرز جہاں بانی اقوام متحدہ کے چارٹر میں شامل کیا گیا ہے۔ اسی موضوع پر دنیا کے مشہور دانشور جارج جرداق نے "انسانی عدالت کی آواز" کے نام سے تاریخی کتاب لکھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا: آپ علیہ السلام نے عدل و انصاف کا معاشروں، ریاستوں، تہذیبوں، ملکوں، حکومتوں اور انسانوں کے لیے انتہائی اہم اور لازم ہونا اس تکرار سے ثابت کیا کہ عدل آپ کے وجود اور ذات کا حصہ بن گیا اور لوگ آپ کو عدل سے پہچاننے لگے۔

قائد ملت جعفریہ نے کہا: حضرت علیؑ کی حیات طیبہ مسلمانان عالم کے لئے نمونہ عمل ہے۔ ہم سب کو چاہیے کہ ہم اس کو اپنائیں، صبر و تحمل اور عمل و استقامت کا دامن تھام کر آپ کی تعلیمات کی روشنی میں آپ کے دیئے ہوئے نظام کی تشکیل کے لئے کوشاں رہیں تاکہ انسانیت کو فلاح و نجات سے ہمکنار کیا جا سکے۔ مسلمانان عالم بالخصوص مسلمانان پاکستان جشن ولادت امامؑ نہایت تزک و احتشام سے منائیں اور مولود کعبہ کے افکار و اقوال کی روشنی میں اتحاد و وحدت کا مظاہرہ کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha