حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ طلاب بلتستانیہ کے زیرِ اہتمام امیر المؤمنین علیہ السّلام کی ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے جامعہ اہلبیت اسلام آباد میں ایک عظیم الشان جشن منعقد ہوا؛ جس میں طلباء اور اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔

جشن میں علامہ سید احمد رضوی مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ امام جمعہ گمبہ سکردو آغا سید احمد شاہ الحسینی صدرِ محفل تھے۔
جشنِ مولود کعبہ میں استاد حوزہ علامہ شیخ محمد علی ممتاز، علامہ شیخ محمد حسین مبلغی، علامہ شیخ محمد حسین مخلصی، علامہ شیخ شبیر واعظی، محترم سید احمد ہادی اور اراکینِ مجلسِ نظارت انجمنِ طلاب بلتستانیہ مولانا ڈاکٹر خلیل روحانی، مولانا اصغر مرزا، مولانا قاسم رضا اور دیگر مہمانانِ گرامی نے شرکت کی۔

اس موقع پر مدرسہ حفاظ القرآن کے حفاظ کرام نے گروہی تلاوت قرآن کریم سے محفل کا آغاز کیا اور مؤمنین کے دلوں کو نور قرآن سے منور کیا۔
جشنِ مولود کعبہ کے مہمانِ خصوصی علامہ سید احمد رضوی سابق صدرِ جامعہ روحانیت بلتستان نے خطاب کرتے ہوئے طلاب کرام کو علمی میدان میں محنت اور تلاش و کوشش کرنے کی ہدایت کی، جبکہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے سے منظم ہوکر اپنے معاشرے کے جوانوں کی فکری اور دینی تربیت کرنے اور انحرافات سے نوجوانوں کو بچانے کے لیے پہلے اپنے آپ کو علمی میدانوں میں مضبوط کرنے اور اس کے بعد میدان عمل میں تبلیغ دین کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد و اتفاق کے ساتھ رہنا اور آپس میں یکجہتی اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونا یہ ایک بہترین انفرادیت ہے اور اس انفرادیت کو باقی رکھنا ہم اہل بلتستان کی ذمہ داری ہے۔

حجت الاسلام سید احمد رضوی نے کہا کہ طلاب کرام اپنی علمی استعداد کو بڑھانے کے لیے محنت اور لگن کے ساتھ علمی میدان میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے اور جدید علمی تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو زیور علم سے آراستہ کرنے اور منظم کرنے کی ضرورت ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین سید احمد رضوی نے انجمنِ طلاب بلتستانیہ کو اس بہترین جشن کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا اور اسی طرح منظم رہ کر آگے بڑھنے کی تلقین کی۔
بعد از آں انجمنِ طلاب بلتستانیہ کے نو منتخب صدر برائے سال 2026ء برادر محترم مولانا کاشف رضا کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی۔

نو منتخب صدر سے علامہ شیخ محمد حسین مبلغی صاحب نے حلف لیا۔
اس پروگرام کا ایک اہم سیکشن تقریری مقابلہ تھا؛ جس میں اسلام آباد کے تمام مدارس دینی کے طلاب کرام نے نمائندگی کی اور اسی طرح میلاد امیر المومنین علیہ السلام کی مناسبت سے امیر المومنین کی زندگی کے مختلف پہلوؤں سے آشنائی کے لیے مضمون نویسی مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلاب کرام کے درمیان اعزازی سند تقسیم کی گئی۔









آپ کا تبصرہ