اتوار 4 جنوری 2026 - 15:29
بنارس میں ولادتِ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر عظیم الشان جلوس

حوزہ/ بنارس کے قلبی علاقے ٹاؤن ہال میدان سے حضرت امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر علی سمیتی کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان جلوس نکالا گیا۔ جلوس کی قیادت آیت اللہ مولانا سید شمیم الحسن رضوی، سربراہ جامعہ جوادیہ عربی کالج بنارس نے کی۔ صبح دس بجے شروع ہونے والے اس جلوس میں عاشقانِ علی کی بڑی تعداد، علمائے دین، شعرا اور مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بنارس کے قلبی علاقے ٹاؤن ہال میدان سے حضرت امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر علی سمیتی کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان جلوس نکالا گیا۔ جلوس کی قیادت آیت اللہ مولانا سید شمیم الحسن رضوی، سربراہ جامعہ جوادیہ عربی کالج بنارس نے کی۔ صبح دس بجے شروع ہونے والے اس جلوس میں عاشقانِ علی کی بڑی تعداد، علمائے دین، شعرا اور مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔

جلوس کی نظامت علی سمیتی کے سیکرٹری ڈاکٹر سید شفیق حیدر نے انجام دی، جبکہ صدارت علی سمیتی کے صدر حجت الاسلام مولانا سید ضمیر الحسن رضوی نے کی۔ جلوس کے آغاز سے قبل ٹاؤن ہال میں موجود گاندھی جی کے مجسمے پر گل پوشی کی گئی، اس موقع پر کانگریس کے سینئر رہنما مرتضیٰ حسین شمشی بھی موجود تھے۔ بعد ازاں مہمان خصوصی حجت الاسلام مولانا سید تہذیب الحسن رضوی، امام جمعہ رانچی نے خطاب کرتے ہوئے حضرت علی علیہ السلام کی سیرت پر عمل اور ملک میں امن و بھائی چارے کے فروغ پر زور دیا۔

ٹاؤن ہال سے جلوس اپنے مقررہ راستوں پر روانہ ہوا۔ دوسی پورہ سے آنے والے جلوس کو میداگن چوراہے پر شامل کیا گیا جس سے جلوس کی رونق میں مزید اضافہ ہوا۔ جلوس گردوارے تک پہنچا جہاں پنجابی برادری کے رہنماؤں نے پرجوش استقبال کیا۔ پورے راستے میں علاقے “حیدر حیدر” اور “یا علی” کی صداؤں سے گونجتے رہے۔ کاشی کا یہ منظر بین المذاہب ہم آہنگی کی خوبصورت مثال پیش کر رہا تھا، جہاں ہر مذہب و ملت کے افراد نے گل پاشی، پانی پلانے اور مٹھائیاں تقسیم کر کے جلوس کا استقبال کیا۔

جلوس علی چوک سے ہوتا ہوا دال منڈی پہنچا، جہاں فضا یا علی کے نعروں سے معطر ہو گئی۔ نی سڑک چوراہے پر مولانا فیروز بنارسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی وابستگی کے ساتھ ساتھ انسانیت کا علمبردار بننا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ بعد ازاں جلوس کالی محل اور پیترکنڈا سے گزرتا ہوا فاطمان پہنچا، جہاں مختلف علما اور دیگر مذاہب کے رہنماؤں نے خطاب کر کے حضرت علی علیہ السلام کی سیرت و کردار پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر شاد سیوانی، زین بنارسی اور فیض عسکری نے کلام پیش کیا، جبکہ مولانا حیدر عباس رضوی کی مختصر مگر مؤثر تقریر کو خوب سراہا گیا۔

جلوس میں متعدد علما، دانشوران، سماجی رہنما اور علی سمیتی کے عہدیداران و اراکین نے بھرپور تعاون سے اس پروگرام کو کامیاب بنایا۔ یہ تاریخی جلوس اپنے منفرد انداز اور بین المذاہب اتحاد کے پیغام کے باعث خاص اہمیت کا حامل رہا، جہاں مذہبی نعروں کے ساتھ قومی یکجہتی کے نعرے بھی گونجتے رہے۔

آخر میں صدر علی سمیتی حجت الاسلام مولانا سید ضمیر الحسن رضوی نے تمام شرکا اور تعاون کرنے والوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha